نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا استنبول کا ایک روزہ دورہ مکمل

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے استنبول کا ایک روزہ دورہ مکمل کرلیا، جہاں انہوں نے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کے تحت قائم سٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کی۔

اسلام آباد۔31اگست (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے استنبول کا ایک روزہ دورہ مکمل کرلیا، جہاں انہوں نے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کے تحت قائم سٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کی۔

دورہ استنبول کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے ترکیہ کے وزیر خارجہ حاکان فیدان سے بھی دوطرفہ ملاقات کی۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ترک وزیر خارجہ حاکان فیدان اور وزیر قومی دفاع یاشار گولر کے ہمراہ استنبول سے بشکیک روانہ ہوگئے ہیں۔نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور پاکستانی وفد کے ہمراہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او ) کی کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کے اجلاس اور ایس سی او پلس سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

وہ بشکیک میں وزیراعظم کے مختلف اہم مصروفیات میں بھی ان کے ہمراہ ہوں گے جن میں 2 ستمبر کو کرغزستان کے صدر صادیر ژاپاروف کے ساتھ پاکستان اور کرغزستان کے تعلقات اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر دوطرفہ مذاکرات بھی شامل ہیں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کا جمہوریہ کرغزستان کا سرکاری دورہ 31 اگست سے 2 ستمبر تک جاری رہے گا۔ اس دوران پاکستان 2026-27 کے لئے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او ) کی کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کی چیئرمین شپ سنبھالے گا۔