اسلام آباد۔7فروری (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ میں اپنے ہم منصب نائب وزرائے اعظم، وزرائے خارجہ، عالمی رہنماؤں اور دوست ممالک کے خارجہ دفاتر کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اسلام آباد میں گزشتہ روز ہونے والے بہیمانہ بم دھماکے کے بعد تعزیت، دعائیں اور یکجہتی کے پیغامات ارسال کیے۔ نائب وزیراعظم نے ہفتہ کو ایکس پر ایک پوسٹ میں …
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا اسلام آباد میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد عالمی برادری کی جانب سے حمایت پر اظہارتشکر

مزید خبریں
اسلام آباد۔7فروری (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ میں اپنے ہم منصب نائب وزرائے اعظم، وزرائے خارجہ، عالمی رہنماؤں اور دوست ممالک کے خارجہ دفاتر کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اسلام آباد میں گزشتہ روز ہونے والے بہیمانہ بم دھماکے کے بعد تعزیت، دعائیں اور یکجہتی کے پیغامات ارسال کیے۔
نائب وزیراعظم نے ہفتہ کو ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ اس مشکل وقت میں ان کے تعاون اور یکجہتی کی بھرپور حمایت کا میں تہہ دل سے مشکور ہوں۔ نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف پختہ موقف رکھتا ہے اور اپنے عوام کے تحفظ، امن کے قیام اور اس عالمی خطرے سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی برادری کے ساتھ تعاون کے عزم پر قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پولیس طویل عرصے سے اس خطرے کا مقابلہ کررہی ہیں جبکہ سول انتظامیہ اور فرسٹ رسپانڈرز اس المناک واقعے کے بعد کے اثرات کو سنبھالنے میں اہم کردار ادا کرتے رہتے ہیں۔
سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ ہمارے خیالات اور دعائیں شہداء، زخمیوں اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان متاثرین کو تمام ضروری معاونت اور مدد فراہم کررہی ہے۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنی امن و استحکام کے خلاف کسی بھی خطرے کا فیصلہ کن جواب دینے کے لیے پرعزم رہے گا۔








