نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات

اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے برطانیہ کے سرکاری دورے کے دوران جمعرات کو لندن میں برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کیے۔فریقین نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا اور دونوں ممالک کی وزارت خارجہ کے درمیان باضابطہ مذاکرات کے لیے ایک منظم طریقہ کار قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا جس کے تحت تعاون کے تمام شعبوں کا احاطہ کیا جائے گا، دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے گا اور اہم شعبوں میں پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔

جمعرات کو وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے امور پر اعلیٰ سطحی مسلسل روابط اور قریبی رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا اور اہم علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت بشمول مشرق وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے خطے میں پاکستان کی سفارتی اور ثالثی کی کوششوں اور ان روابط کے ذریعے حاصل ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ نے مشرق وسطیٰ میں مذاکرات، سفارت کاری اور استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار اور سہولت کاری کی کوششوں کو سراہا۔مذاکرات میں سندھ طاس معاہدے سے متعلق پیش رفت اور خطے کی سکیورٹی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے بھارت کی جانب سے بین الاقوامی ذمہ داریوں کی مسلسل خلاف ورزیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے بین الاقوامی قانون اور معاہداتی ذمہ داریوں کی پاسداری کی اہمیت پر زور دیا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے افغان سرزمین سے جنم لینے والے دہشت گردی کے خطرات اور افغانستان سے سرگرم دہشت گرد گروہوں کی جانب سے پاکستان کے امن و سلامتی کو لاحق خطرات پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا۔فریقین نے خطے اور اس سے باہر امن، استحکام اور تعاون کے فروغ کے لیے مسلسل روابط کی اہمیت پر زور دیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ تعلقات اور عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے میں پاکستانی تارکین وطن کے اہم کردار کو تسلیم کیا۔

مزید خبریں