نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کا فلسطینی عوام کی منصفانہ جدوجہد کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ

اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آزادی اور فلسطینی ریاست کے قیام کےلئے فلسطینی عوام کی منصفانہ جدوجہد کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں فلسطینی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس کی قیادت فلسطینی صدر کے مشیر اور سپریم جج محمود الھباش نے …

اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آزادی اور فلسطینی ریاست کے قیام کےلئے فلسطینی عوام کی منصفانہ جدوجہد کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں فلسطینی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس کی قیادت فلسطینی صدر کے مشیر اور سپریم جج محمود الھباش نے کی۔

یہاں دفتر خارجہ آمد کے موقع پر نائب وزیراعظم نے کہا کہ انہیں فلسطینی وفد کا استقبال کرتے ہوئے خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات میں فلسطینی عوام کی آزادی، وقار اور ریاست کے لیے فلسطینیوں کی منصفانہ جدوجہد کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا گیا۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ ملاقات میں جون 1967ء سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی آزاد اور خود مختار ریاست فلسطین کے لیے مضبوط حمایت کو ایک بار پھر دہراہا گیا جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

انہوں نے اسرائیلی جارحیت اور جنگی جرائم، نسل کشی، فاقہ کشی، انسانی ساختہ قحط، اجتماعی قتل، غیر قانونی بستیوں کے قیام، قبضہ اور جبری نقل مکانی کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے ایک مستقل اور غیر مشروط جنگ بندی، بلا روک ٹوک انسانی امداد کی فراہمی اور جوابدہی کا مطالبہ کیا۔ نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ ملاقات میں اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کی حمایت جاری رکھنے کا وعدہ کیا ہے۔