اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے جمعرات کو اسلام آباد میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے بین الاقوامی شعبے کی نائب وزیر سن ہائیان سے ملاقات کی۔جمعرات کو وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق دونوں فریقین نے دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے پاکستان …
نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کی کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے بین الاقوامی شعبے کی نائب وزیر سن ہائیان سے ملاقات
اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے جمعرات کو اسلام آباد میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے بین الاقوامی شعبے کی نائب وزیر سن ہائیان سے ملاقات کی۔جمعرات کو وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق دونوں فریقین نے دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کے مضبوط رشتے کو مزید گہرا کرنے میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے کردار کو سراہا۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور چینی وزیر خارجہ وانگ یی کی جانب سے رواں ماہ چین میں پاکستان-چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کی تقریبات کے آغاز کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں جانب سے اس تاریخی سنگ میل کو پورے سال یادگاری اور بامعنی تقریبات کے ذریعے منانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
فریقین نے اعلیٰ سطحی تبادلوں کی رفتار برقرار رکھنے، جماعتی سطح پر تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں ثقافتی تعاون کے فروغ اور عوامی سطح پر روابط کو وسعت دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا جن میں تعلیمی روابط، نوجوانوں کے تبادلے اور ثقافتی سرگرمیاں شامل ہیں تاکہ باہمی افہام و تفہیم کو مزید گہرا کیا جا سکے۔









