نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کی سالانہ فیس کی حد 18 لاکھ روپے مقرر

اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی):پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی )نے نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس پروگراموں کی ٹیوشن فیس سے متعلق وضاحت جاری کرتے ہوئے فیس کی حد مقرر کر دی ہے۔پی ایم ڈی سی کی جانب سے جمعرات کو جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر تشکیل دی گئی کمیٹی کی سفارشات کی …

اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی):پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی )نے نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس پروگراموں کی ٹیوشن فیس سے متعلق وضاحت جاری کرتے ہوئے فیس کی حد مقرر کر دی ہے۔پی ایم ڈی سی کی جانب سے جمعرات کو جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر تشکیل دی گئی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس پروگراموں کے لئے ٹیوشن فیس، تمام ذیلی چارجز سمیت، زیادہ سے زیادہ 18 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔

کونسل نے واضح کیا کہ یہ فیس حد تمام سیشنز پر لاگو ہوگی اور سیشن 2024-25 کے دوران ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں پہلے سال سے فائنل ایئر تک زیرِ تعلیم تمام طلبہ اس کے دائرہ کار میں آئیں گے۔اسی طرح پی ایم ڈی سی نے بتایا کہ 6 اکتوبر 2025 کو 5 فیصد اضافہ کے ساتھ مطلع کردہ ٹیوشن فیس یعنی 18 لاکھ 90 ہزار روپے، سیشن 2025-26 سے تمام سیشنز اور ایم بی بی ایس و بی ڈی ایس پروگراموں میں پہلے سال سے آخری سال تک زیر تعلیم طلبہ پر لاگو ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ 2026 کے بعد ٹیوشن فیس میں کسی بھی قسم کا اضافہ، تمام ذیلی چارجز سمیت، صرف کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی ) کی بنیاد پر کیا جائے گا اور اس سے متعلق علیحدہ نوٹیفکیشن مقررہ وقت پر جاری کیا جائے گا۔پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے تمام نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کو ہدایت کی ہے کہ وہ جاری کردہ وضاحتوں پر سختی سے عمل کریں۔ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ ادارے کے خلاف پی ایم ڈی سی ایکٹ 2022 کے تحت قانونی اور تعزیری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔