:نصیرآباد پولیس اسٹیشن میں قیدی کے جاں بحق ہونے کے معاملے پر وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا ءلانگو کے نوٹس کے بعد ہیڈ کانسٹیبل جاوید اقبال کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا
نصیرآباد تھانے میں قیدی کے جاں بحق ہونے کے معاملے پر ہیڈ کانسٹیبل کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا، بابر یوسفزئی
کوئٹہ۔ 09 ستمبر (اے پی پی):نصیرآباد پولیس اسٹیشن میں قیدی کے جاں بحق ہونے کے معاملے پر وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا ءلانگو کے نوٹس کے بعد ہیڈ کانسٹیبل جاوید اقبال کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی کے مطابق ایف آئی آر میں نامزد ملزم کے خلاف قانون کے مطابق صاف و شفاف تحقیقات کی جائیں گی اور معاملے میں تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی، وزیر داخلہ میر ضیا لانگو اور آئی جی پولیس کے وژن کے مطابق تمام پولیس اسٹیشنز میں عوام کے لیے دوستانہ ماحول فراہم کیا جائے گا۔بابر یوسفزئی کا کہنا تھا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، پولیس اسٹیشنز میں شہریوں کے ساتھ قانون اور ضابطے کے مطابق برتا یقینی بنایا جائے گا۔
پولیس رپورٹ کے مطابق نصیرآباد کے سٹی ڈیرہ مراد جمالی تھانے میں ایک قیدی کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر ہیڈ کانسٹیبل جاوید اقبال کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔









