نمل میں آذربائیجان زبان و ثقافت مرکز کا آذربائیجان کے سفارتخانہ کے اشتراک سے افتتاح

اسلام آباد۔23فروری (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل)میں پیر کو جمہوریہ آذربائیجان کے سفارتخانہ کے تعاون سے نو قائم شدہ آذربائیجان زبان و ثقافت مرکز کا افتتاح کیا گیا۔افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان میں جمہوریہ آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف تھے۔ ریکٹر نمل میجر جنرل (ر) شاہد محمود کیانی نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا اور پاکستان و آذربائیجان کے درمیان تعلیمی و ثقافتی روابط کو مستحکم …

اسلام آباد۔23فروری (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل)میں پیر کو جمہوریہ آذربائیجان کے سفارتخانہ کے تعاون سے نو قائم شدہ آذربائیجان زبان و ثقافت مرکز کا افتتاح کیا گیا۔افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان میں جمہوریہ آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف تھے۔ ریکٹر نمل میجر جنرل (ر) شاہد محمود کیانی نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا اور پاکستان و آذربائیجان کے درمیان تعلیمی و ثقافتی روابط کو مستحکم کرنے کے لئے ادارہ جاتی تعاون کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

ریکٹر نمل نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ نوقائم شدہ مرکز طلبہ کو آذربائیجانی زبان سیکھنے، آذربائیجان کی ثقافت کو سمجھنے اور مشترکہ تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے قیمتی مواقع فراہم کرے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مضبوط تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات موجود ہیں اور اس نوعیت کے اقدامات عوامی سطح پر روابط اور باہمی افہام و تفہیم کو مزید فروغ دیتے ہیں۔

آذربائیجان زبان و ثقافت مرکز کا قیام لسانی تنوع، ثقافتی ہم آہنگی اور دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلیمی تعاون کے فروغ میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ یہ مرکز آذربائیجانی زبان کی تدریس کے ساتھ ساتھ علمی اور ثقافتی سرگرمیوں کے لئے ایک مرکز کے طور پر خدمات انجام دے گا جس کا مقصد باہمی سمجھ بوجھ اور عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینا ہے۔

اپنے خطاب میں سفیر خضر فرہادوف نے ثقافتی سفارتکاری کے فروغ میں نمل کے کردار کو سراہا اور آذربائیجان و پاکستان کے درمیان دیرینہ دوستی کو اجاگر کیا جو مشترکہ اقدار اور دوطرفہ و بین الاقوامی فورمز پر مسلسل تعاون پر مبنی ہے۔تقریب کے دوران آذربائیجان یونیورسٹی آف لینگویجز کے ریکٹر کمال عبداللہ کا ویڈیو پیغام بھی سنایا گیا۔ انہوں نے مرکز کے قیام میں نمل کی قیادت اور آذربائیجان کے سفارتخانہ کے تعاون پر اظہار تشکر کیا اور دونوں جامعات کے درمیان تعلیمی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔