اسلام آباد۔5اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ نواز شریف کے خلاف بدعنوانی مقدمات عالمی اسکینڈل کا حصہ ہیں، وہ حقیقی مقدمات کو چھپانے اور توجہ ہٹانے کیلئے اپنے مقدمات کو ٹرن کر کے سیاسی رنگ دینے کی کوشش کر رہے ہیں، حکومت کی کسی کے خلاف بغاوت کے مقدمے بنانے کی پالیسی نہیں ہے، پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) سیاسی …
نواز شریف توجہ ہٹانے کیلئے اپنے مقدمات کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کر رہے ہیں،وفاقی وزیر

مزید خبریں
اسلام آباد۔5اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ نواز شریف کے خلاف بدعنوانی مقدمات عالمی اسکینڈل کا حصہ ہیں، وہ حقیقی مقدمات کو چھپانے اور توجہ ہٹانے کیلئے اپنے مقدمات کو ٹرن کر کے سیاسی رنگ دینے کی کوشش کر رہے ہیں، حکومت کی کسی کے خلاف بغاوت کے مقدمے بنانے کی پالیسی نہیں ہے، پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) سیاسی حکومت ہے اور ہم اپوزیشن کا مقابلہ سیاسی طریقے کے ساتھ کریں گے۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرانے میں حکومت کا کوئی ہاتھ نہیں ہے، بغاوت کے مقدمے کی خبر ملنے پر وزرا نے حیرانگی کا اظہار کیا، چیک کر رہے ہیں کہ مقدمہ کس نے درج کرایا، نواز شریف بنیادی طور پر خود کو سیاسی قیدی ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن حقیقت میں انہیں اپنے بدعنوانی مقدمات بھگتنا پڑیں گے، انہیں چاہیے کہ ملک میں واپس آ کر عدالتوں میں اپنے مقدمات کا سامنا کریں۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف مقدمات حکومت نے نہیں بنائے بلکہ پانامہ اسکینڈل آنے کے بعد ان کے خلاف بدعنوانی مقدمات شروع ہوئے ہیں، ڈان لیکس اسکینڈل سامنے آنے کے بعد ن لیگ حکومت نے تین وضاحتی پریس ریلیز جاری کیں اور کہا کہ جس نے خبر لیک کی ہے وہ ملک دشمن ہے، نواز شریف نے اس معاملے پر اس وقت کے وزیر اطلاعات پرویز رشید کو بھی برطرف کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو فوج سے گلہ اسلئے ہے کہ پانامہ اسکینڈل میں ہمیں بچانے کیلئے تعاون کیوں نہ کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف اپنی چوری اور بدعنوانیوں کو تحفظ دینے کیلئے نیا بیانیہ لیکر آئے ہیں، حکومت کوئی ایسا کام نہیں کرے گی جس سے ان کے بیانیے کو تقویت ملے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ابھی تو بساط بچھی ہے، ن لیگ نے چال چلی ہے اور اس نے سارے پتے سامنے رکھ دیئے ہیں، ہم نے تو ابھی چال چلنی ہے اور وقت آنے پر اپنے پتے شو کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے بیانیے میں کوئی جان نہیں ہے، وہ ملک دشمنوں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں، ان کا بیانیہ وہی ہے جو بھارت کا ایجنڈا ہے، ملک دشمن قوتیں چاہتی ہیں کہ پاکستانی فوج کو کمزور کیا جائے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ عوام ن لیگ اور پی پی قائدین کی بدعنوانیوں سے مایوس ہو چکے ہیں اسلئے دونوں جماعتوں میں لوگ نکالنے کی صلاحیت نہیں ہے، لاہور میں ن لیگ کا جلسہ بری طرح فلاپ ہوا ہے، پہلے کہا تھا کہ ن لیگ اور پی پی نے اگر جلسے کرنے ہیں تو میرج ہال میں کیا کریں کیونکہ اب عوام ان کا ساتھ نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے نواز شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی مخالفت کی تھی تاہم اس وقت ایسا ماحول بنا دیا گیا تھا کہ اگر وہ باہر نہ گئے تو ان کی جان کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے جس کے بعد حکومت نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی۔








