نواز شریف کا سیاسی کیریئر ختم ہو گیا ہے وہ اب کونسلر بھی نہیں بن سکتے، حکومت انہیں واپس لانے کیلئے تمام تر قانونی اور آئینی تقاضے پورے کرے گی،صداقت علی عباسی

اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی صداقت علی عباسی نے کہا ہے کہ نواز شریف کا سیاسی کیریئر ختم ہو گیا ہے وہ اب کونسلر بھی نہیں بن سکتے، نہ صرف پیپلزپارٹی بلکہ ن لیگ کے رہنما بھی نواز شریف کے قومی اداروں کے خلاف بیانیے سے دوری اختیار کر رہے ہیں، حکومت سابق وزیراعظم کو وطن واپس لانے کیلئے تمام تر …

اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی صداقت علی عباسی نے کہا ہے کہ نواز شریف کا سیاسی کیریئر ختم ہو گیا ہے وہ اب کونسلر بھی نہیں بن سکتے، نہ صرف پیپلزپارٹی بلکہ ن لیگ کے رہنما بھی نواز شریف کے قومی اداروں کے خلاف بیانیے سے دوری اختیار کر رہے ہیں، حکومت سابق وزیراعظم کو وطن واپس لانے کیلئے تمام تر قانونی اور آئینی تقاضے پورے کرے گی۔ اتوار کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں منافقت کی سیاست کر رہی ہیں، اگر انہیں آرمی چیف سے شکایت تھی تو ان کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے پارلیمنٹ میں ووٹ کیوں دیا، پاکستانی فوج ملک کی سلامتی اور وجود کی ضمانت ہے، کوئی بھی سیاسی جماعت ایسا بیانیہ نہیں لے سکتی جو دشمن کو سپورٹ کرے۔ صداقت علی عباسی نے کہا کہ نواز شریف سزا یافتہ مجرم، اشتہاری اور مفرور ہیں، وہ بیرون ملک بیٹھ کر قومی اداروں پر تنقید کر رہے ہیں، انہی الزامات پر بانی ایم کیو ایم کی تقاریر پر پابندی لگائی گئی تھی، اسی طرح نواز شریف کی تقاریر پر بھی پابندی لگانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں وزیراعظم عمران خان سے بڑے جلسے کسی نے نہیں کئے، یہ ہمیں کیا ڈرائیں گے، اپوزیشن جماعتیں اپنے بدعنوان قائدین کے خلاف احتساب کے عمل کو روکنے کیلئے جلسے جلوسوں کا ڈرامہ رچا رہی ہیں لیکن وہ اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے قائدین نے ماضی میں این آر او لئے اور اپنے کیسز معاف کرائے لیکن وزیراعظم عمران خان کسی قیمت پر بدعنوان عناصر کو این آر او نہیں دیں گے، انہیں لوٹ کھسوٹ کا حساب دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنا صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے، سندھ حکومت میں صرف کرپشن ہی کرپشن ہے اور وہ خود سارے مسائل کا حصہ ہے، پیپلزپارٹی کراچی میں جلسہ کر کے اپنا مذاق خود اڑا رہی ہے۔

مزید خبریں