نواز شریف کے بچوں نے 32 کمپنیاں بنا کر اربوں باہر منتقل کئے، فواد چوہدری

اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف کے بچوں نے 32 کمپنیاں بنا کر اربوں باہر منتقل کئے، این آر او اور کرپشن کیسز پر کوئی ڈائیلاگ نہیں ہوسکتا، ہمارا مستقبل سائنس و ٹیکنالوجی کی ترقی سے وابستہ ہے اور یہی وزیر اعظم کا وژن ہے،پاکستان کووڈ ۔19 سے متعلق100 ملین ڈالرز کی اشیاء برآمد کر رہا ہے،ہم نے کم …

اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف کے بچوں نے 32 کمپنیاں بنا کر اربوں باہر منتقل کئے، این آر او اور کرپشن کیسز پر کوئی ڈائیلاگ نہیں ہوسکتا، ہمارا مستقبل سائنس و ٹیکنالوجی کی ترقی سے وابستہ ہے اور یہی وزیر اعظم کا وژن ہے،پاکستان کووڈ ۔19 سے متعلق100 ملین ڈالرز کی اشیاء برآمد کر رہا ہے،ہم نے کم عرصے میں دو نئی صنعتیں قائم کی ہیں، ،عمران خان ہی گلگت بلتستان کو صوبہ بنائیں گے۔جمعہ کو یہاں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام آلنو وینٹیلیٹرز کی لانچنگ تقریب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ ہمیں وینٹی لیٹر کی تیاری میں بڑی کامیابی ملی ہے۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ الحمداللہ آج پاکستان میں وینٹی لیٹرز کی مینوفیکچرنگ شروع ہو چکی ہے، اس وقت ہم کورونا سے متعلق سو ملین ڈالر کی مصنوعات ایکسپورٹ کر رہے ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ ہم نے دو نئی انڈسٹریز قائم کی ہیں، ایک میڈیکل سازو سامان کی انڈسٹری بنا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرنجز اور کنولا کو ڈسپوز آف کرنے کے لئے دو فیکٹریز لگانے کا منصوبہ ہے،اس سے ہمیں تین سے چار ارب ڈالر سالانہ کی بچت ہو گی۔ وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ ہم پاکستان میں بہت جلد الیکٹرک بسیں مینوفیکچر کرنے جا رہے ،ٹریفک کی بجلی پر منتقلی سے لاہور سمیت ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی،ماحولیاتی آلودگی میں ہمارے ٹریفک کا 35 فیصد حصہ ہے،پبلک ٹرانسپورٹ کو الیکٹرک وہیکل پر شفٹ کرنا ہی اس مسئلے کا حل ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ ہمارا مستبل سائنس و ٹیکنالوجی کی ترقی سے وابستہ ہے اور یہی وزیر اعظم کا وژن ہے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ اب ہمیں یہ فکر نہیں کہ وینٹی لیٹر کم ہوں گے،کورونا کی ویکسین پر بات بھی چل رہی ہے لیکن جب تک ویکسین نہیں آتی احتیاط ہی کورونا کا واحد علاج ہے۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مریم نواز اور نواز شریف ویڈیو کانفرنس کرلیں کہ یہ چاہتے کیا ہیں،باپ کچھ اور بیٹی کچھ اور کہہ رہی ہیں، حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ڈایئلاگ ہونا چاہئےلیکن ڈائیلاگ ملکی مفاد پر ہونا چاہئے،ہمیں این ایف سی ایوارڈ پر ڈائیلاگ کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی تحریک غیر اخلاقی ہے اس میں کوئی جان نہیں ہے۔جی بی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف سب سے آگے ہے،عمران خان ہی گلگت کو صوبہ بنائیں گے،مریم اورنگزیب کہتی ہیں وہاں دھاندلی ہورہی ہے،مریم صاحبہ آپ کے تو ٹوٹل امیدوار ہی 7 ہیں،مسلم لیگ (ن) کا وہاں نام ونشان ہی نہیں،جی بی الیکشن میں پی ٹی آئی کلین سویپ کرے گی۔ وفاقی وزیر سائنس نے کہا مریم نواز نے کل قلابازی لگائی ہے،دونوں باپ بیٹی پہلے یہ سوچ لیں کہ چاہتے کیا ہیں۔جن کی تحریک کا کوئی اخلاقی جواز نہ ہو وہ ایک دن ایک کے پاؤں پڑتے ہیں دوسرے دن دوسرے کے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ یہ فوج کے ساتھ کیا مذاکرات کرنا چاہتے ہیں،ان کی خواہش ہے فوج مداخلت کرے، ہمیں حکومت میں لائے پھر پانچ سال مداخلت نہ کرے۔انہوں ۔ے کہا کہ بلاول بھٹو سوئٹزرلینڈ نہیں جاسکے تو گلگت چلے گئے۔ معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں وینٹی لیٹرز کی تیاری بہت بڑی کامیابی ہے۔انہوں نے وفاقی وزیر فواد چوہدری کو وینٹی لیٹر کی تیاری پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہماری طبی مصنوعات کی معیار اتنی اچھی ہونی چاہئیے کہ عالمی معیارات کا مقابلہ کر سکے۔کوڈ 19میں یہ واضح ہوگیا کہ پاکستانی انجینئرز اور سائنسدان انتہائی باصلاحیت ہیں۔بدقسمتی سے سابقہ حکومتوں نے بائیومیڈیکل فیلڈ میں ٹیکنالوجی کو زیادہ اہمیت نہیں دی تھی۔چیئرمین ایلسن گروپ عبد الرحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت سخت کام تھا اور یہ پہلا پراجیکٹ ہے جو ہم نے پایہ تکمیل تک پہنچایا۔ یہ وینٹیلیٹر 99 فی صد ان لوگوں کو مدد فراہم کئے جائیں گے جنہیں سانس لینے میں دشواری ہو۔ہم۔ نے اس وینٹیلیٹرز کی تیاری کیلئے 24 گھنٹے کام کیا اور یہ سب کچھ پاکستان انجینئرنگ کونسل کے تعاون سے ممکن ہوا۔