پی بی 09 کوہلو میں دوبارہ گنتی کا کیس، سپریم کورٹ کا مقدمہ تین رکنی بینچ کے سامنے مقرر کرنے کا حکم

سپریم کورٹ نے پی بی 09 کوہلو میں دوبارہ گنتی سے متعلق کیس کو تین رکنی بینچ کے سامنے مقرر کرنے کا حکم دے دیا، کیس کی سماعت ستمبر کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کردی گئی۔

اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):سپریم کورٹ نے پی بی 09 کوہلو میں دوبارہ گنتی سے متعلق کیس کو تین رکنی بینچ کے سامنے مقرر کرنے کا حکم دے دیا، کیس کی سماعت ستمبر کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کردی گئی۔

جسٹس نعیم اختر افغان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے جمعرات کو کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل امان اللہ کنرانی نے مؤقف اپنایا کہ رولز کے مطابق تین رکنی بینچ الیکشن ٹربیونل کے خلاف اپیلیں سن سکتا ہے، عدالت سماعت کرنا چاہے تو وہ دلائل کیلئے تیار ہیں۔وکیل کامران مرتضیٰ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے نئے رولز میں الیکشن ٹربیونل کا ذکر موجود نہیں، پرانے رولز میں انتخابی ٹربیونل کے خلاف اپیلوں کا ذکر موجود تھا۔جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیے کہ چار پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ ہوئی، مسئلہ غیر حقیقی ٹرن آؤٹ کا ہے۔ غیر فطری ٹرن آؤٹ پر پہلے بھی سپریم کورٹ فیصلہ کر چکی ہے، موجودہ کیس میں بھی ٹرن آؤٹ 80 فیصد سے زیادہ ہونے کا معاملہ ہے۔واضح رہے کہ پی بی 09 کوہلو سے مسلم لیگ (ن) کے نواب چنگیز مری کامیاب ہوئے تھے، پیپلز پارٹی کے نصیب اللہ نے نواب چنگیز مری کی کامیابی کو چیلنج کر رکھا ہے۔

مزید خبریں