نوجوانوں کو جدید علوم، ٹیکنالوجی اور ہنر سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ، وفاقی وزیر احسن اقبال کا عیدگاہ راولپنڈی میں خطاب

راولپنڈی۔5مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کے لئے نوجوانوں کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا، ماہ مقدس میں مسلمان عبادت، تلاوتِ قرآن اور ذکر و اذکار میں مشغول ہیں جو روحانی سکون حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے۔عید گاہ راولپنڈی میں خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ خطے میں امن و امان کی صورتحال ابتر …

راولپنڈی۔5مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کے لئے نوجوانوں کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا، ماہ مقدس میں مسلمان عبادت، تلاوتِ قرآن اور ذکر و اذکار میں مشغول ہیں جو روحانی سکون حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے۔عید گاہ راولپنڈی میں خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ خطے میں امن و امان کی صورتحال ابتر ہے اور مسائل کے حل کے لئے امت مسلمہ کو متحد ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن مسلم برادر ممالک میں جنگ اور انتشار کے ذریعے سازش میں مصروف ہیں اور اسرائیل نے غزہ کے معصوم لوگوں کو اپنی بربریت کا نشانہ بنایا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ قومیں صرف نعروں سے نہیں بلکہ علم، تحقیق، منصوبہ بندی اور عملی اقدامات سے ترقی کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے ،نوجوانوں کو جدید علوم، ٹیکنالوجی اور ہنر سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ پاکستان عالمی برادری میں باوقار مقام حاصل کر سکے۔احسن اقبال نے ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کے لئے طویل المدتی منصوبہ بندی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسی مقصد کے تحت وزارت منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے سیاسی استحکام اور پالیسیوں کے تسلسل کو ترقی کی بنیادی شرط قرار دیا۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قومی مفاد کو مقدم رکھیں، نوجوان نسل کو تربیت یافتہ بنائیں اور پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے عملی کردار ادا کریں۔