الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے انعقا د کیلئے 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 کی تاریخوں کو مناسب قرار دیتے ہوئے اس سے اتفاق کیا ہے جبکہ پنجاب حکومت سے کہا گیا ہے کہ اگر وہ مرحلہ وار انتخابات کا انعقاد کرانا چاہتی ہے تو وہ جلد از جلد اس حوالے سے مشاورت کیلئے اپنا منصوبہ کمیشن کے سامنے پیش کرے۔
چیف الیکشن کمشنر کی کی زیر صدارت اجلاس، پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تاریخ مقرر کرنے پر غور

مزید خبریں
اسلام آباد۔20اگست (اے پی پی):الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے انعقا د کیلئے 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 کی تاریخوں کو مناسب قرار دیتے ہوئے اس سے اتفاق کیا ہے جبکہ پنجاب حکومت سے کہا گیا ہے کہ اگر وہ مرحلہ وار انتخابات کا انعقاد کرانا چاہتی ہے تو وہ جلد از جلد اس حوالے سے مشاورت کیلئے اپنا منصوبہ کمیشن کے سامنے پیش کرے۔ جمعرات کو الیکشن کمیشن سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں صوبہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تاریخ مقرر کرنے سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔
اجلاس میں معزز ممبران الیکشن کمیشن نثار احمد دُرانی ، شاہ محمد جتوئی، بابر حسن بھروانہ اور جسٹس (ر) اکرام اللہ شریک ہوئے۔ پنجاب گورنمنٹ کی طرف سےچار رکنی کابینہ کمیٹی ذیشان رفیق منسٹر لوکل گورنمنٹ کی سربراہی میں شریک ہوئی جس میں سردار شیر علی گورچانی وزیر مائنز اینڈ منرل ، سید محمد عاشق حسین شاہ وزیر ایگریکلچر،رانا سکندر حیات وزیر ایجوکیشن شامل ہیں۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب اور سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بھی شریک ہوئے ۔ اس کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن اور الیکشن کمیشن کے دیگر سینئرافسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ چیف الیکشن کمشنر نے بلدیاتی حکومتوں کے قیام کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ آئین پاکستان کےآرٹیکل 140-A کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ایک آئینی تقاضا ہے اور الیکشنز ایکٹ کی دفعہ 219(4)کے تحت بلدیاتی حکومتوں کی میعاد ختم ہونے کے 120 دن کے اندر الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کرانے کا پابند ہے ۔
الیکشن کمیشن کو بریف کیا گیا کہ پنجا ب میں حلقہ بندی کا عمل مکمل ہوچکا ہے ۔ الیکشنز ایکٹ 2017 کی دفعہ (3)219اور پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی دفعہ 59کے تحت بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کے اعلان کیلئے صوبائی حکومت سے مشاورت ضروری ہے۔پنجاب مشاور تی کمیٹی کے کنوینئر ذیشان رفیق منسٹر لوکل گورنمنٹ نے الیکشن کمیشن کو بریف کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب صوبہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کرانے کیلئے پرعزم ہیں اور انہوں نے اس کمیٹی کو مشاورت کا مکمل اختیار دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت نے بلدیاتی انتخابات کا پراسس شروع کرنا ہے۔ اوروسائل کی مناسب فراہمی کیلئے بھی وقت درکار ہے۔ اس کے علاوہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے عمل میں ٹیچنگ سٹاف کی خدمات زیادہ درکا ر ہوتی ہیں۔ بلدیاتی انتخابات 15دسمبر 2026 سے 15جنوری 2027 کو کرانا زیادہ مناسب ہے کیونکہ اس دوران بچوں کے امتحانات بھی ہوچکے ہوں گے اور صوبہ میں دھند کا مسئلہ بھی نہیں ہوگا۔
چیف سیکرٹری نے الیکشن کمیشن کو بریف کیا کہ صوبائی حکومت مذکورہ بالا تاریخوں کے دوران صوبہ میں مرحلہ وار انتخابات کرانا چاہتی ہے تاکہ ان انتخابات کے لئے مناسب سکیورٹی کی فراہمی اور بہتر انتظاما ت کئےجاسکیں۔ الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کی 15دسمبر 2026سے 15جنوری 2027 کے دوران بلدیاتی انتخابات کرانے کی تجویز سے اصولی طور پر اتفاق کیا اور کہا کہ اگر صوبائی حکومت مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کرانا چاہتی ہے تو اس سلسلے میں جلد ازجلد اپنا پلان الیکشن کمیشن کے سامنے مشاورت کیلئے پیش کرے۔ چیف الیکشن کمشنر نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں پنجاب کابینہ کی کمیٹی کی تجاویز کو سراہا اور کہا کہ اس سے ایک آئینی ذمہ داری کو مکمل کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔








