نوجوان قلم کو اپنا ہتھیار بنائیں، تعلیم حاصل کریں اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے ملک اور قوم کی تقدیر بدلنے میں کردار ادا کریں،وزیر داخلہ بلوچستان

نوجوان قلم کو اپنا ہتھیار بنائیں، تعلیم حاصل کریں اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے ملک اور قوم کی تقدیر بدلنے میں کردار ادا کریں،وزیر داخلہ بلوچستان

کوئٹہ۔ 13 ستمبر (اے پی پی):وزیرداخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ نوجوان قلم کو اپنا ہتھیار بنائیں، تعلیم حاصل کریں،پارلیمانی جدوجہد میں حصہ لیں اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے ملک اور قوم کی تقدیر بدلنے میں کردار ادا کریں۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نےتشدد کے بجائے قلم، تباہی کے بجائے ترقی اور نفرت کے بجائے امن کا راستہ اختیار کرنا ہوگا ،حکومت نے کبھی مذاکرات سے انکار نہیں کیا، بندوق کے زور پر مذاکرات کسی صورت نہیں ہوں گے،ان لوگوں سے ضرور بات چیت ہوگی جو پاکستان کے آئین اور ریاستی نظام کو تسلیم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بحث سے نکلنا ہوگا کہ مذاکرات کس سے ہونے چاہئیں اور کس سے نہیں، توجہ بلوچستان اور پاکستان کی ترقی، امن، خوشحالی اور عوام کے بہتر مستقبل پر مرکوز کرنا ہوگی۔ صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی، تشدد اور نفرت کو مل کر مسترد کرنا ہوگا۔ امن تباہ، عوام کو تقسیم اور معصوم جانوں کو نقصان پہنچانے والوں کے عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے، وزیرداخلہ بلوچستان نے کہا کہ ہماری اصل طاقت اتحاد، تعلیم، محنت، شعور اور وطن سے محبت ہے کیونکہ ترقی یافتہ ممالک میں عوام ریاست اور آئینی اداروں کے ساتھ کھڑے ہو کر ترقی کی منازل طے کر رہے ہیں۔

میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ دنیا میں ریاست اور آئین کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں کے سامنے ریاستی نظام کو کمزور کرنے کی کوئی مثال نہیں،بندوق، دہشت گردی اور تشدد کے ذریعے اپنی بات منوانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے۔