لاہور۔2جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون وانصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑنے کہا ہے کہ نوجوان طلبہ پاکستان کا سب سے بڑا اور قیمتی اثاثہ ہیں، سوشل میڈیا پر ہونے والی بے معنی یلغار اور نفرت کو چھوڑ کر پاکستان کا سوچیں۔ وہ پنجاب یونیورسٹی میں وزیرِاعظم لیپ ٹاپ تقسیم سکیم فیز۔IVکی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی، وزیر اعظم کے معاون خصوصی …
نوجوان قومی اثاثہ،حکومت طلبہ کو جدید تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے،اعظم نذیر تارڑ

مزید خبریں
لاہور۔2جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون وانصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑنے کہا ہے کہ نوجوان طلبہ پاکستان کا سب سے بڑا اور قیمتی اثاثہ ہیں، سوشل میڈیا پر ہونے والی بے معنی یلغار اور نفرت کو چھوڑ کر پاکستان کا سوچیں۔ وہ پنجاب یونیورسٹی میں وزیرِاعظم لیپ ٹاپ تقسیم سکیم فیز۔IVکی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طلحہ برکی،وزیر پبلک افیئر رانا مبشر اقبال،ایم این اے شائستہ پرویز ملک،رجسٹرار ڈاکٹر احمد اسلام،صدراکیڈمک سٹاف ایسو سی ایشن پروفیسرڈاکٹر امجد عباس خان مگسی، ہایئر ایجوکیشن کمیشن نمائندگان، فیکلٹی ممبران اور طلبا وطالبات نے شرکت کی۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ مہارت پر مبنی اورضرورت کے مطابق تعلیم کو فروغ دینے کے لئے زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ صرف ایک ٹول نہیں بلکہ کامیابی کی کنجی ہے،جدید دور میں بھی کئی بچے ایسے ہیں جن کے پاس وسائل نہیں مگر حکومت کوشش کررہی ہے کہ کوئی باصلاحیت طالبعلم ان گیجٹس سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بطور وزیراعلی نوجوانوں کیلئے جو سکیم شروع کی تھی، اس کی روشنی آج پورے پاکستان میں پھیل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سکیم پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ اور تنقید بھی بہت ہوئی مگر کورونا کے دور میں کئی طلبہ نے لیپ ٹاپ کا درست استعمال کرکے فائدہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ استاد کو عزت دیئے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا، آج جس مقام پر میں ہوں وہ پنجاب یونیورسٹی کی بدولت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے سب کو محنت، لگن، دیانتداری سے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے وقت کی ضرورت کے مطابق سکیم شروع کی جس کا ثمرمل رہا ہے اورلیپ ٹاپ کا مثبت استعمال طلبہ کی زندگیاں بدل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کا ہر میدان میں آگے آنا پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے اہم ہے، اعظم نذیر تارڑ سمیت جوڈیشری میں 80 فیصد افراد کا تعلق پنجاب یونیورسٹی سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کی 70 فیصد آئی ٹی مارکیٹ میں بھی پنجاب یونیورسٹی کالج آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے گریجویٹس خدمات انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ کو پنجاب یونیورسٹی میں پرامن ماحول فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، پنجاب یونیورسٹی کمیونٹی کی طرف سے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا شکریہ اداکرتاہوں۔ اس سکیم کے تحت پنجاب یونیورسٹی کے 3140ہونہار طلبہ کو لیپ ٹاپ ملیں گے۔








