نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات بیرسٹر سیّد علی ظفر کی نیشنل آرکائیوز کے دورہ کے بعد سرکاری ذرائع ابلاغ سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 3 اگست (اے پی پی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ بیرسٹر سیّد علی ظفر نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے حکام نے یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اپنے تمام امور 11 سے 12 اگست تک مکمل کر لیں گے، الیکشن کمیشن کا کام مکمل ہونے کے بعد 13 سے 14 اگست کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا جاسکتا ہے …

اسلام آباد ۔ 3 اگست (اے پی پی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ بیرسٹر سیّد علی ظفر نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے حکام نے یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اپنے تمام امور 11 سے 12 اگست تک مکمل کر لیں گے، الیکشن کمیشن کا کام مکمل ہونے کے بعد 13 سے 14 اگست کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا جاسکتا ہے ، آئین کے مطابق الیکشن نتائج کے اعلان کے بعد 21 دن کے اندر اندر قومی اسمبلی کا اجلاس بلانا لازمی ہے ، 15 اگست تک قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنا آئینی تقاضا ہے، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے بعد قائد ایوان کے انتخاب اور وزیراعظم کے حلف اٹھانے کے بعد نگران حکومت آئین کے خودکار نظام کے تحت سبکدوش ہو جائے گی، نگران حکومت نے اپنی مقررہ آئینی مدت کے دوران توانائی، صحت، معیشت، قانون، خارجہ امور، پٹرولیم اور آبی مسائل سمیت ہر شعبہ میں درپیش چیلنجز اور ان کے حل سے متعلق گائیڈ لائنز تیار کر لی ہیں جو آنے والی منتخب حکومت کے حوالہ کی جائیں گی تاکہ ان مشکلات سے جلد اور بہتر انداز سے نمٹا جا سکے ۔۔ وہ جمعہ کو نیشنل آرکائیو کے دورہ کے بعد سرکاری ذرائع ابلاغ سے گفتگو کر رہے تھے۔