اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):قومی احتساب بیورو (نیب) کے قائم مقام چیئرمین سہیل ناصر اور برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کے ڈائریکٹر جنرل گریم بگر سی بی ای کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی جس میں دونوں اداروں کے درمیان معلومات کے تبادلے اور صلاحیتوں میں اضافے سے متعلق مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کو حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا گیا۔ ترجمان نیب کے مطابق قائم …
نیب کے قائم مقام چیئرمین سہیل ناصر اور برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی ڈائریکٹر جنرل کے درمیان ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):قومی احتساب بیورو (نیب) کے قائم مقام چیئرمین سہیل ناصر اور برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کے ڈائریکٹر جنرل گریم بگر سی بی ای کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی جس میں دونوں اداروں کے درمیان معلومات کے تبادلے اور صلاحیتوں میں اضافے سے متعلق مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کو حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا گیا۔
ترجمان نیب کے مطابق قائم مقام چیئرمین نیب نے ایم او یو کے مسودے کو حتمی شکل دینے میں این سی اے کے مثبت ردعمل اور بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے انسدادِ بدعنوانی کے باہمی اشتراک میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نیب اور برطانیہ کے انسداد کرپشن اداروں کے درمیان موجودہ قریبی تعاون اور ہم آہنگی قابل تحسین ہے اور تجویز کردہ ایم او یو سے کرپشن کے مقدمات، مالی جرائم اور غیر قانونی اثاثوں کی بازیابی کے لیے ایک موثر اور مربوط فریم ورک قائم ہوگا۔
ملاقات میں دونوں اداروں کے رہنمائوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ کرپشن، مالیاتی جرائم، منی لانڈرنگ اور پیچیدہ فراڈ سے متعلق معلومات اور انٹیلی جنس کے غیر رسمی تبادلے کو بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔قائم مقام چیئرمین نیب سہیل ناصر نے این سی اے کے وفد کو نیب کی حال ہی میں قائم کی گئی "پاکستان اینٹی کرپشن اکیڈمی (پی اے سی اے )”سے بھی متعارف کرایا جو ادارے کی اندرونی صلاحیتوں میں اضافہ اور پیشہ ورانہ تربیت کے لیے ایک اہم اقدام ہے۔این سی اے کے نمائندوں نے نیب افسران کو مستقبل قریب میں کرپٹو کرنسی اور مالیاتی تحقیقات سے متعلق تربیتی پروگراموں میں شرکت کی دعوت دی جس سے دونوں اداروں کے درمیان تکنیکی تعاون مزید مضبوط ہوگا۔








