نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام قومی نصاب پاکستان 2026 کے تناظر میں درسی کتب کی تیاری سے متعلق پبلشرز اور مصنفین کے لئے تعارفی و رہنمائی سیشن منعقد ہوا
نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام درسی کتب کی تیاری سے متعلق پبلشرز اور مصنفین کے لئے تعارفی و رہنمائی سیشن کا انعقاد

مزید خبریں
اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام قومی نصاب پاکستان 2026 کے تناظر میں درسی کتب کی تیاری سے متعلق پبلشرز اور مصنفین کے لئے تعارفی و رہنمائی سیشن منعقد ہوا ،جس میں قومی نصاب کونسل، ماہرین تعلیم، پبلشرز، مصنفین اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر کامران جہانگیر نے کہا کہ معیاری، جدید اور مستقبل کے تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگ درسی کتب کی تیاری وقت کی اہم ضرورت ہے، قومی تعلیمی اہداف کے حصول اور معیاری تعلیمی مواد کی تیاری کے لئے نیشنل بُک فاؤنڈیشن قومی نصاب کونسل اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر اپنا کردار ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ درسی کتب کی تیاری میں نجی شعبے بالخصوص پبلشرز اور مصنفین کی شمولیت نہایت اہم ہے، ان کے تجربے، مہارت اور تخلیقی صلاحیتوں سے استفادہ کرتے ہوئے معیاری تعلیمی مواد تیار کیا جائے گا، تمام متعلقہ امور باہمی مشاورت اور مقررہ اہداف کے مطابق بروقت مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
نیشنل نصاب کونسل کی ڈائریکٹر ڈاکٹر تبسم ناز نے قومی نصاب پاکستان 2026 کے وژن، بنیادی فلسفے، ترجیحات اور مستقبل کے تعلیمی اہداف پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قومی نصاب کا مقصد طلبہ کی علمی، فکری، تخلیقی اور عملی صلاحیتوں کو نکھارنا اور انہیں عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ نصابی اصلاحات کے ذریعے غیر ضروری تعلیمی بوجھ میں کمی، طلبہ کی عمر اور ذہنی استعداد کے مطابق مواد کی تیاری اور تدریسی عمل کو محض معلومات کی منتقلی کے بجائے تفہیم، تحقیق، تخلیقی سوچ اور عملی سرگرمیوں پر استوار کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔سیشن میں درسی کتب کی تیاری، جائزے، معیار، اردو اور انگریزی کی کتب کے رہنما اصول، ابتدائی بچپن کی نگہداشت و تعلیم، ریاضی کی درسی کتب، طلبہ کی تعلیمی استعداد جانچنے اور درسی کتب کی تیاری میں طرزِ تحریر کے رہنما اصولوں سمیت مختلف امور پر تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔
ماہرین نے کہا کہ جدید درسی کتب محض معلومات کی فراہمی تک محدود نہیں ہونی چاہئیں بلکہ ان کے ذریعے طلبہ میں تنقیدی و تخلیقی سوچ، ابلاغ، باہمی تعاون، مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت اور عملی زندگی کے لئے ضروری مہارتیں پروان چڑھائی جانی چاہئیں، درسی مواد میں مقامی ثقافت، علاقائی تنوع، شمولیت اور طلبہ کی انفرادی ضروریات کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے۔شرکاء کو بتایا گیا کہ نئی وفاقی درسی کتب میں روایتی رٹے کے بجائے سرگرمیوں، کہانیوں، مشقوں، عملی تجربات اور غوروفکر پر مبنی سرگرمیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ کتابوں میں کیو آر کوڈز کے ذریعے اساتذہ اور طلبہ کو مرکزی تعلیمی انتظامی نظام پر دستیاب سبق کے منصوبوں اور معاون تعلیمی وسائل تک رسائی فراہم کرنے کی حکمت عملی بھی اختیار کی گئی ہے۔سیشن میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ قومی نصاب اور درسی کتب کے درمیان فکری و تعلیمی ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لئے وفاقی و صوبائی سطح پر مؤثر مشاورت اور تمام متعلقہ تعلیمی اداروں و شراکت داروں کی شمولیت ضروری ہے۔اختتام پر شرکاء کے سوالات کے جوابات دیئے گئے اور درسی کتب کی تیاری، نظرثانی، معیار کی جانچ اور قومی نصاب کے تقاضوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈائریکٹر ہیڈکوارٹر نیشنل بُک فاؤنڈیشن مراد علی مہمند نے شرکاء اور مقررین کا شکریہ ادا کیا۔سیشن کے بعد مہمانوں نے نیشنل بُک فاؤنڈیشن میں قائم نیشنل بُک میوزیم کا دورہ کیا اور وہاں محفوظ نادر و تاریخی نوادرات، علمی و ادبی ذخیرے اور میوزیم کے مختلف گوشوں کا مشاہدہ کیا۔ شرکاء نے کتاب دوستی کے فروغ اور علمی و ادبی ورثے کے تحفظ کے لئے نیشنل بُک فاؤنڈیشن کی کاوشوں کو سراہا۔







