چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے 10 لاکھ گھروں کی فراہمی کا وعدہ پورا کردیا ہے، نفرت کی سیاست کی بجائے برداشت کی سیاست کا کردار ادا کیا جائے ، سینیٹر پلوشہ خان کی سینیٹر شہادت اعوان کے ہمراہ کی پریس کانفرنس

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں سینیٹر پلوشہ خان اور سینیٹر شہادت اعوان نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 10 لاکھ گھروں کی فراہمی کا وعدہ پورا کردیا ہے

اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں سینیٹر پلوشہ خان اور سینیٹر شہادت اعوان نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 10 لاکھ گھروں کی فراہمی کا وعدہ پورا کردیا ہے، 20 لاکھ گھر مزید بنائیں گے، بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کو اصلاح کا مشورہ دیا ہے، نفرت کی سیاست کے بجائے برداشت کی سیاست کا کردار ادا کیا جائے، ہم اپوزیشن سے امید کرتے ہیں کہ وہ انتخابی اصلاحات کی کمیٹی کے لئے نام دیں گے،28ویں ترمیم کے لئے پیپلزپارٹی کا کوئی رکن نہیں ٹوٹے گا، سندھ اسمبلی صوبے کی تقسیم کے خلاف 6 بار قراردادیں منظور کر چکی ہے جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی آئین اور عوام کے ساتھ کھڑی ہونے والی پارٹی ہے۔

بدھ کو یہاں پاکستان پیپلزپارٹی کی سینیٹر پلوشہ خان نے سینیٹر شہادت اعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گھروں کی فراہمی کا منصوبہ سندھ میں مکمل کردیا گیا ہے، وزیراعظم سے گزارش ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے سیاسی صورتحال پر اپنا فلسفہ پیش کیا ہے، اس پر غور کریں۔انہوں نے کہا کہ سیاسی پارٹیوں اور حکومت میں محاذآرائی ہے، وہ آمنے سامنے ہے، بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام اس وقت معاشی بدحالی کا شکار ہیں، بلاول بھٹو کے فلسفے کو اپنا کر حالات بہتر کئے جا سکیں گے، بلاول بھٹو کے اس فلسفے کو یاد رکھا جائے گا، نفرت کی سیاست کے بجائے برداشت کی سیاست کا کردار ادا کیا جائے، ہم اپوزیشن سے امید کرتے ہیں کہ وہ انتخابی اصلاحات کی کمیٹی کے لئے نام دیں گے، اس حوالے سے پارلیمنٹ بھی اپنا کردار ادا کرے۔

پلوشہ خان نے کہا کہ 28ویں ترمیم کی باتیں سن رہے ہیں، 28ویں ترمیم جب سامنے آئے گی تب موقف دیا جا سکتا ہے، 28ویں ترمیم کے لئے پیپلزپارٹی کا کوئی رکن نہیں ٹوٹے گا، ہر رکن پارٹی قیادت کی ہدایت کے تحت ہی ووٹ کرے گا۔سینیٹر شہادت اعوان نے کہا کہ بلاول بھٹو کے وعدے کے مطابق 10 لاکھ گھروں کا وعدہ پورا ہوا ہے، بلاول بھٹو نے حکومت کو اصلاح کا مشورہ دیا ہے، بلاول بھٹو نے برداشت کا عمل شروع کرنے کا مشورہ دیا ہے، آپس کی لڑائیوں کے بجائے معاشی مسائل کا حل ڈھونڈا جائے،پیپلزپارٹی جو کہتی ہے اس پر عمل بھی کرتی ہے، 10 لاکھ گھر مکمل کرنا دنیا کا ریکارڈ ہے، اس سے قبل نیپال نے 7 لاکھ گھر بنائے تھے،20 لاکھ گھر مزید بنائیں گے۔شہادت اعوان نے کہا کہ سندھ اسمبلی صوبے کی تقسیم کے خلاف 6 بار قراردادیں منظور کر چکی ہے، ساری قراردادیں متفقہ منظور ہوئی ہیں، ریفرنڈم آئینی ترمیم کا متبادل نہیں ہوسکتا، صوبے بنانے کا آئین میں طریقہ کار موجود ہے، پاکستان پیپلزپارٹی آئین اور عوام کے ساتھ کھڑی ہونے والی پارٹی ہے۔

 

مزید خبریں