نیشنل ریسکیو چیلنج 2026، پشاور کی ٹیم نے ملک بھر سے شریک 16 ٹیموں میں دوسری پوزیشن حاصل کر لی

نیشنل ریسکیو چیلنج 2026 لاہور میں ریسکیو 1122 خیبر پختونخوا کی پشاور ٹیم نے ملک بھر سے شریک 16 ٹیموں میں مجموعی طور پر دوسری پوزیشن حاصل کرلی

پشاور۔ 08 اکتوبر (اے پی پی):نیشنل ریسکیو چیلنج 2026 لاہور میں ریسکیو 1122 خیبر پختونخوا کی پشاور ٹیم نے ملک بھر سے شریک 16 ٹیموں میں مجموعی طور پر دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔ ریسکیو 1122 خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ریسکیو 1122 خیبر پختونخوا کی پشاور ٹیم نے مختلف ریسکیو ڈسپلنز میں اپنی پیشہ ورانہ مہارت، تکنیکی صلاحیت، جسمانی فٹنس اور بہترین ٹیم ورک کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے یہ نمایاں کامیابی حاصل کی۔ ٹیم کی قیادت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ملک اشفاق نے کی۔ ان کی قیادت میں خیبر پختونخوا کی ٹیم نے نیشنل ریسکیو چیلنج 2026 کے مختلف مقابلوں میں بھرپور انداز میں حصہ لیا اور صوبے کا نام روشن کیا۔ چیلنج کے دوران خیبرپختونخوا کے ریسکیورز نے لیڈ فائر ریسکیور، سکوبا ڈائیونگ، سرچ آپریشن، فائر ٹاور سے مریض کو بحفاظت نیچے منتقل کرنے اور فائر فٹ سمیت مختلف مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ فائر فٹ چیلنج میں ریسکیو 1122 پشاور کے فائر فائٹر برہان نے ڈیرہ غازی خان کے فائر فائٹر کو شکست دے کر مقابلہ اپنے نام کیا۔

برہان نے یہ ٹاسک 2 منٹ اور 16 سیکنڈز میں مکمل کیا۔اسی طرح لیڈ فائر ریسکیور چیلنج میں ضلع مالاکنڈ کے لیڈ فائر ریسکیور وسیم نے 2 منٹ اور 38 سیکنڈز میں ٹاسک مکمل کرکے راولپنڈی کے لیڈ فائر ریسکیور کو شکست دی اور خیبرپختونخوا کے لیے کامیابی حاصل کی۔ ریسکیو 1122 خیبر پختونخوا کے حکام نے پشاور ٹیم کے تمام ریسکیورز اور افسران کو شاندار کارکردگی اور مجموعی طور پر دوسری پوزیشن حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ حکام نے کہا کہ نیشنل ریسکیو چیلنج جیسے مقابلے ریسکیورز کی پیشہ ورانہ، تکنیکی اور جسمانی صلاحیتوں کو جانچنے کے ساتھ ساتھ انہیں مزید بہتر بنانے کا اہم ذریعہ ہیں۔ خیبر پختونخوا کے ریسکیورز نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ مشکل ترین حالات میں بھی انسانی جانوں کے تحفظ کےلیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔