نیوزی لینڈ نے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 462 رنز کا ہدف دے دیا

ماؤنٹ مونگانوئی۔21دسمبر (اے پی پی):نیوزی لینڈ نے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 462 رنز کا مشکل ہدف دے دیا جس کے تعاقب میں مہمان ٹیم نے چوتھے روز کھیل کے اختتام تک بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 43 رنز بنا لیے۔ ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں …

ماؤنٹ مونگانوئی۔21دسمبر (اے پی پی):نیوزی لینڈ نے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 462 رنز کا مشکل ہدف دے دیا جس کے تعاقب میں مہمان ٹیم نے چوتھے روز کھیل کے اختتام تک بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 43 رنز بنا لیے۔ ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 420 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور اسے 155 رنز کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔ کیوم ہوج نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل شکست 123 رنز اسکور کیے۔

نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی نے چار جبکہ اعجاز پٹیل نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے بعد نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز 2 وکٹوں کے نقصان پر 306 رنز بنا کر ڈکلیئر کر دی اور ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 462 رنز کا ہدف دیا۔ کپتان ٹام لیتھم نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 101 رنز بنائے جبکہ ڈیون کانوے نے 100 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ریچن روندرا 46 اور کین ولیمسن 40 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ دونوں وکٹیں کیوم ہوج کے حصے میں آئیں۔ ویسٹ انڈیز نے ہدف کے تعاقب میں محتاط آغاز کرتے ہوئے دن کے اختتام تک بغیر کسی نقصان کے 43 رنز بنا لیے۔ برینڈن کنگ 37 جبکہ جوہن کیمبل 2 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔