نیپرا کا مسابقتی مارکیٹ آپریشنز ڈیٹ کااعلان بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے سفر کا ایک اہم اور فیصلہ کن سنگِ میل ہے، اویس لغاری

اسلام آباد۔24مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے نیپرا کی جانب سے مسابقتی مارکیٹ آپریشنز ڈیٹ کے اعلان کو پاکستان کے بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے سفر کا ایک اہم اور فیصلہ کن سنگِ میل قرار دیا ہے۔ منگل کو جاری اپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ سنگل بائر ماڈل سے ایک مسابقتی، شفاف اور مارکیٹ پر مبنی نظام کی جانب منتقلی …

اسلام آباد۔24مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے نیپرا کی جانب سے مسابقتی مارکیٹ آپریشنز ڈیٹ کے اعلان کو پاکستان کے بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے سفر کا ایک اہم اور فیصلہ کن سنگِ میل قرار دیا ہے۔ منگل کو جاری اپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ سنگل بائر ماڈل سے ایک مسابقتی، شفاف اور مارکیٹ پر مبنی نظام کی جانب منتقلی طویل المدتی پالیسی سازی، مؤثر ریگولیٹری اصلاحات اور مضبوط ادارہ جاتی ہم آہنگی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت اصلاحاتی خاکے سے عملی نفاذ کی جانب ایک واضح اور فیصلہ کن قدم کی عکاسی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسابقتی بجلی مارکیٹ کی بنیاد شفافیت، ترسیلی نظام تک کھلی اور بلا امتیاز رسائی اور بجلی کے پورے ویلیو چین میں مؤثر احتساب کے اصولوں پر استوار ہے۔ مرحلہ وار اور ذمہ دارانہ لبرلائزیشن کے تحت حکومت نے آئندہ برسوں میں 800 میگاواٹ طلب کو دو طرفہ معاہدوں کے دائرہ کار میں لانے کی منظوری دی ہے، جسے شفاف اور خودکار مسابقتی نیلامیوں کے ذریعے عملی شکل دی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ اہم پیش رفت پاور ڈویژن، نیپرا، آئی ایس ایم او، سی پی پی اے۔جی، پی پی آئی بی، ڈسکوز اور دیگر متعلقہ اداروں کے قریبی اشتراک اور مسلسل کاوشوں کا نتیجہ ہے، جن کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔

اویس لغاری نے کہا کہ یہ کامیابی بجلی کے شعبے میں بہتر طرزِ حکمرانی کے فروغ، مالیاتی پائیداری کے استحکام اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا مظہر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت مستقبل میں ایک قابلِ اعتماد، مؤثر اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بجلی مارکیٹ کی تشکیل کے لیے پُرعزم ہے، جو جدت کو فروغ دے، صاف توانائی کے استعمال کو ممکن بنائے اور ملکی معیشت کی پائیدار ترقی میں معاون ثابت ہو۔