واقعۂ کربلا حق و باطل کے درمیان ایک عظیم معرکہ تھا، وزیراعلی خیبر پختونخوا کا یومِ عاشورہ کے موقع پر پیغام

واقعۂ کربلا حق و باطل کے درمیان ایک عظیم معرکہ تھا، وزیراعلی خیبر پختونخوا کا یومِ عاشورہ کے موقع پر پیغام

پشاور۔ 25 جون (اے پی پی):وزیراعلی خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ واقعۂ کربلا حق و باطل کے درمیان ایک عظیم معرکہ تھا، جس میں نواسۂ رسول حضرت امام حسینؓ نے دینِ اسلام کی سربلندی کے لیے لازوال اور بے مثال قربانی پیش کی جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔

یومِ عاشورہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلی خیبر پختونخوا نے کہا کہ کربلا کا واقعہ ہمیں قربانی، حق کی حمایت، باطل کی مخالفت اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے۔

ان تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر مسلمان نہ صرف اپنی عظمتِ رفتہ کو بحال کر سکتے ہیں بلکہ دنیا سے ظلم، جبر اور انسانیت کے استحصال کا خاتمہ کر کے پائیدار امن بھی قائم کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحۂ کربلا تاریخ کا ایک عظیم واقعہ ہے جو ظالم اور نااہل حکمرانوں کے ظلم و بربریت کی یاد دلاتا ہے، اور جس میں پوری انسانیت کے لیے عظیم سبق پوشیدہ ہے۔

حضرت امام حسینؓ یزیدی ظلم و جبر کے خلاف حق و صداقت کے علمبردار تھے۔ آپؓ نے ظالم و جابر حکمرانوں اور ان کی انسانیت دشمن پالیسیوں کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیا، اپنے اہلِ خانہ سمیت عظیم قربانی پیش کی اور حق کی سربلندی کے لیے صبر، استقامت اور ثابت قدمی کی بے مثال مثال قائم کی۔

انہوں نے کہا کہ آج وقت کا تقاضا ہے کہ ہم ظلم، ناانصافی اور لاقانونیت کے خلاف متحد ہوں۔ آپس کے اختلافات میں الجھنے کے بجائے ان عوامل کا خاتمہ کریں جو انتشار اور بے چینی کا سبب بنتے ہیں اور غلبۂ اسلام، استحکامِ پاکستان اور ایک پرامن معاشرے کے قیام کے لیے ایک زندہ اور باوقار قوم کی حیثیت سے ظلم اور ناانصافی کے خلاف آواز بلند کریں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ محرم الحرام بالخصوص یومِ عاشورہ کے دوران امن و امان کے قیام اور مذہبی ہم آہنگی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے تمام مکاتبِ فکر کے علمائے کرام اور عوام سے اپیل کی کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی، رواداری، بھائی چارے اور باہمی احترام کے فروغ کےلیے اپنا مثبت اور ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔