والدین بچیوں کو اچھی تعلیم دیں ، حافظ طاہر محمود اشرفی

اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ اسلام نے بیٹی کی پیدائش کو خوشخبری قرار دیا ہے ،والدین بچیوں کو اچھی تعلیم دیں تاکہ وہ ڈاکٹر، انجینئر، کاروباری شخصیت اور دیگر جائز شعبوں میں ملک و قوم کی خدمت کر سکیں ۔اتوار کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ اسلام والدین …

اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ اسلام نے بیٹی کی پیدائش کو خوشخبری قرار دیا ہے ،والدین بچیوں کو اچھی تعلیم دیں تاکہ وہ ڈاکٹر، انجینئر، کاروباری شخصیت اور دیگر جائز شعبوں میں ملک و قوم کی خدمت کر سکیں ۔اتوار کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ اسلام والدین کو ہدایت دیتا ہے کہ وہ اپنی بیٹیوں کی اچھی تربیت کریں اور انہیں بہترین تعلیم فراہم کریں، جس طرح بیٹوں کی تعلیم و تربیت کا اہتمام کیا جاتا ہے اسی طرح بیٹیوں کے لیے بھی یکساں مواقع فراہم کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن و سنت کی تعلیمات کے مطابق بیٹیوں کی تعلیم، تربیت، شادی اور دیگر زندگی کے معاملات میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستانی معاشرے کو بچیوں کی شادی، جہیز اور تعلیم جیسے کئی سماجی مسائل کا سامنا ہے، جہیز کو ایک بڑی معاشرتی برائی قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس لعنت سے بچنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے جبکہ اس حوالے سے قوانین بھی موجود ہیں۔حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اسلامی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ خواتین کو علم، معاش اور سماجی کردار میں نمایاں مقام حاصل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام میں بیٹے اور بیٹی کے درمیان عزت و احترام میں کوئی فرق نہیں کیا گیا کیونکہ دونوں کے نصیب اور مقدر اللہ تعالیٰ نے مقرر کیے ہیں۔چیئرمین پاکستان علماء کونسل نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنی بچیوں کو اچھی تعلیم دیں تاکہ وہ ڈاکٹر، انجینئر، کاروباری شخصیت اور دیگر جائز شعبوں میں ملک و قوم کی خدمت کر سکیں۔

آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ امتِ مسلمہ کو درپیش مشکلات آسان فرمائے اور عالم اسلام میں امن و استحکام عطا کرے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق اور بچیوں کی تعلیم کے حوالے سے ہر سطح پر آواز بلند کرنا ضروری ہے۔