کوئٹہ۔ 22 جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے کہاہے کہ بلوچستان میں پولیو کا وائرس موجود ہے ،موثر حکمت عملی کے باعث 15 ماہ سے صوبے میں پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں پولیو ورکرز سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ والدین 2فروری …
والدین 2فروری سے شروع ہونی والی انسداد پولیو مہم میں 5 سال سے کم عمر کے بچوں کو قطرے ضرور پلائیں،سینیٹر عائشہ رضا

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 22 جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے کہاہے کہ بلوچستان میں پولیو کا وائرس موجود ہے ،موثر حکمت عملی کے باعث 15 ماہ سے صوبے میں پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں پولیو ورکرز سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ والدین 2فروری سے شروع ہونی والی انسداد پولیو مہم میں 5 سال سے کم عمر کے بچوں کو قطرے ضرور پلائیں۔ انہوں نے کہا کہ ورکرز کی ہمت کو سلام پیش کرتی ہوں،خواتین ورکرز مشکل حالات میں گھر سے نکل کر گھر گھر جاکر ویکسی نیشن کرتی ہیں، ورکرز کی کوششوں سے پولیو وائرس کا خاتمہ کرسکتے ہیں اس سلسلے میں غفلت برتنے والوں کا احتساب بھی کیاگیاہے۔
انہوں نے کہا کہ او ڈی اے کی فنڈنگ کم ہوئی ہے مگر فنڈنگ پر کٹ کو پولیو پروگرام پر اثرانداز نہیں ہونے دیں گے، ورکر کی سیلریز کو بڑھانے کےلئے اقدام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لئے ایک انتہائی اہم علاقہ ہے اور میرا یہ کوئٹہ کا دورہ وزیر اعظم کے اس واضح پیغام کی عکاسی کرتا ہے کہ بلوچستان قومی سطح پر ہماری اولین ترجیح ہے،بلوچستان میں مضبوط اور مسلسل پیش رفت کے بغیر پاکستان سے پولیو کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں ،میں نے وزیراعلیٰ بلوچستان اور چیف سیکرٹری بلوچستان سے ملاقات کی اور بلوچستان میں پولیو کے خاتمے کے لئے وفاقی حکومت کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ وہ صوبائی حکومت کے عزم کو سراہتی ہیں، جس نے انسداد پولیو کی کوششوں کو مسلسل آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے،فرنٹ لائن ورکرز پاکستان انسداد پولیو پروگرام کی اصل طاقت ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں 4 لاکھ سے زائد فرنٹ لائن وركرز انسداد پولیو پروگرام سے وابستہ ہیں مشكل حالات کے باوجود ورکر کی محنت اور لگن ہمارے پولیو کے خلاف جاری اقدامات کی اصل طاقت ہیں خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں پولیو ویکسین کے حوالے سے تحفظات پائے جاتے ہیں،جی پی ای آئی کی جینڈر چیمپئن کے طور پر میں خواتین کے لئے محفوظ، باعزت اور معاون کام کے ماحول کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہوں،اپنے دورے کے دوران میں نے خواتین فرنٹ لائن ورکرز کے ساتھ براہ راست بات چیت کی جس کا مقصد ان کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کرنا ہےتاکہ خواتین ورکرز کو قومی سطح پر پالیسی سازی اور فیصلوں میں براہ راست شامل کیا جا سکے اور ان کے کام سے متعلق مسائل مؤثر طریقے سے حل کیے جا سکیں،انسداد پولیو پروگرام سے وابستہ خواتین، چاہے وہ فرنٹ لائن وركرز ہوں یا کسی بھی سطح پر خدمات انجام دے رہی ہوں، ان کی معاونت کرنا اور ان کا حوصلہ بڑھانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے








