ورلڈ ہیلتھ ایگزیبیشن 2026ء دبئی میں شروع ہوگئی، پاکستان کی جانب سے نمائش میں صحت کے شعبے میں جدت کا مظاہرہ

دبئی ۔10فروری (اے پی پی):ورلڈ ہیلتھ ایگزیبیشن (ڈبلیو ایچ ایکس)2026ء دبئی میں شروع ہوگئی، پاکستان کی جانب سے نمائش میں صحت کے شعبے میں جدت کا مظاہرہ کیا گیا ہے ۔ یہ نمائش 12 فروری تک جاری رہے گی۔ قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ورلڈ ہیلتھ ایگزیبیشن (ڈبلیو ایچ ایکس)2026ء میں پاکستان پویلین کا افتتاح کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان، …

دبئی ۔10فروری (اے پی پی):ورلڈ ہیلتھ ایگزیبیشن (ڈبلیو ایچ ایکس)2026ء دبئی میں شروع ہوگئی، پاکستان کی جانب سے نمائش میں صحت کے شعبے میں جدت کا مظاہرہ کیا گیا ہے ۔ یہ نمائش 12 فروری تک جاری رہے گی۔ قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ورلڈ ہیلتھ ایگزیبیشن (ڈبلیو ایچ ایکس)2026ء میں پاکستان پویلین کا افتتاح کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان، دبئی کے ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ قونصلر علی زیب خان اور پریس قونصلر محمد صالح کے علاوہ نمائش میں شریک پاکستانی کمپنیوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کے زیرِ اہتمام 40 معروف پاکستانی کمپنیاں اس نمائش میں شرکت کر رہی ہیں، جو صحت کے شعبے میں مینوفیکچرنگ، طبی آلات، جراحی آلات اور دواسازی کی جدت میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ یہ شرکت عالمی صحت کی صنعت میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کرتی ہے۔ ورلڈ ہیلتھ ایگزیبیشن 2026، متحدہ عرب امارات کی وزارتِ صحت و تحفظ کی سرپرستی میں منعقد کی جا رہی ہے، جو دنیا کی سب سے بڑی اور معتبر طبی نمائشوں میں شمار ہوتی ہے۔

رواں سال نمائش میں 4,300 سے زائد نمائش کنندگان شریک ہیں جبکہ 180 سے زائد ممالک سے 235,000 سے زیادہ صحت کے ماہرین، پالیسی ساز اور صنعتی رہنما اس میں شرکت کر رہے ہیں۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے علی زیب خان نے کہا کہ ڈبلیو ایچ ایکس میں پاکستان کی شرکت جراحی آلات، طبی سازوسامان اور دواسازی کے شعبوں میں ملک کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کی عکاس ہے، جو عالمی سطح پر معیار، مسابقت اور جدت کے حوالے سے تسلیم شدہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی کمپنیاں عالمی صحت کے معیاراور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق جدید مصنوعات پیش کر رہی ہیں۔

متحدہ عرب امارات پاکستان کا دوسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے، اور ڈبلیو ایچ ایکس دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا ایک اہم موقع فراہم کرتی ہے۔ یو اے ای کا مستحکم صحت کا نظام پاکستانی برآمد کنندگان کے لیے علاقائی اور عالمی منڈیوں تک رسائی کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔ (ڈبلیو ایچ ایکس)2026ء شرکت سے پاکستان کی عالمی سطح پر شناخت میں اضافہ، صحت کے شعبے کی برآمدات کے فروغ، اور پاکستان و متحدہ عرب امارات کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی توقع ہے۔