وزارت پارلیمانی امور کے شکایات ونگ پر موصول ہونے والی شکایات کے ازالہ کی شرح 90 فیصد ہے ،ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

اسلام آباد۔26فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر پالیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے وزارت پارلیمانی امور کے شکایات ونگ پر موصول ہونے والی شکایات کے ازالہ کی شرح 90 فیصد ہے ،حکومت غربت کے خاتمہ ، قانون کی حکمرانی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے سمیت تمام اہداف حاصل کرے گی ۔ بدھ کو پاکستان گورننس فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ …

اسلام آباد۔26فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر پالیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے وزارت پارلیمانی امور کے شکایات ونگ پر موصول ہونے والی شکایات کے ازالہ کی شرح 90 فیصد ہے ،حکومت غربت کے خاتمہ ، قانون کی حکمرانی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے سمیت تمام اہداف حاصل کرے گی ۔ بدھ کو پاکستان گورننس فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ ، وزارت موسمیاتی تبدیلی اور وزارت خارجہ سمیت تمام وزارتوں کے وزراء نے پاکستان گورننس فورم میں بریفنگ دی ہے، پاکستان گورننس فورم کا قیام ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل پاکستان کے حوالے سے عالمی تنہائی کی بات ہو رہی تھی، وزیراعظم کے حالیہ دورہ امریکہ کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا جس طرح استقبال کیا اور جو کلمات کہے ہیں وہ بڑی عزت کی بات ہے ۔انہوں نے کہا کہ امریکہ میں ایک گلوبل فورم کے ذریعے پوری دنیا کو یہ پیغام دیا گیا ہے کہ پاکستان آج کہاں پہنچ گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اس وقت پاکستان کو بڑی عزت سے دیکھتی ہے، عالم اسلام میں پاکستان کا قائدانہ کردار ہے، پوری دنیا پاکستان کی کامیابیوں کی طرف دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت پارلیمانی امور کا کردار ایک کلیدی حیثیت رکھتا ہے،تمام وزارتوں کا پارلیمانی بزنس اسی وزارت کے ذریعے انجام پاتا ہے، اس وزارت کو اگر ’’مدر آف آل منسٹریز‘‘ کہیں تو غلط نہیں ہوگا، ہر وزارت کا پارلیمنٹ کے ساتھ رابطہ وزارت پارلیمانی امور ہی کراتی ہے، ہم نے یہ کام بطریق احسن انجام دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا شکایات سیل وزارت پارلیمانی امور کا ہی ایک ونگ ہے جسے پورے پاکستان سے شکایات موصول ہوتی ہیں، وزیراعظم کے پورٹل پر بھی شکایات آتی ہیں جو ایک موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت پارلیمانی امور کے شکایات سیل سے ہمیں جو شکایات موصول ہوتی ہیں وہ ایک عام آدمی عام فون کال کر کے بھی ٹول فری نمبر پر درج کرا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر صوبے کے لیے الگ الگ افسران مقرر ہیں جب تک ان شکایات کا ازالہ نہیں ہو جاتا متعلقہ افسران ان کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے کوشاں رہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان شکایات کے ازالہ کی شرح 90 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون کی حکومتوں نے ہمیشہ عوام کے مسائل حل کرنے کی طرف بھرپور توجہ دی ، غربت کا خاتمہ، موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز اور قانون کی حکمرانی سمیت تمام اہداف حاصل کریں گے۔