وزیراعظم سے یورپی کمیشن کی نائب صدر کاجا کالاس کی ملاقات، پاکستان یورپی یونین کے ساتھ کثیر الجہتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے، شہباز شریف

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان مضبوط تجارتی تعلقات کے فروغ میں جی ایس پی پلس کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ کثیر الجہتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔

اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان مضبوط تجارتی تعلقات کے فروغ میں جی ایس پی پلس کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ کثیر الجہتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے یورپی یونین کی خارجہ امور اور سلامتی پالیسی کی اعلیٰ نمائندہ اور یورپی کمیشن کی نائب صدر کاجا کالاس نے پیر کو یہاں وزیراعظم ہائوس میں ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر قانون، انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، اٹارنی جنرل آف پاکستان منصور عثمان اعوان، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔

وزیراعظم نے یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ کثیر الجہتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے پیر کو یورپی یونین-پاکستان سٹریٹجک ڈائیلاگ کے آٹھویں دور کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تجارت و سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی، سلامتی، ہجرت، پائیدار ترقی اور رابطہ کاری سمیت اہم شعبوں میں یورپی یونین کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس ضمن میں وزیراعظم نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان مضبوط تجارتی تعلقات کے فروغ میں جی ایس پی پلس کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ ملاقات کے دوران علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

وزیراعظم نے خلیج میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کی یورپی یونین کی جانب سے بھرپور حمایت پر یورپی یونین کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اس سلسلے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔ وزیراعظم نے خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے بین الاقوامی برادری بشمول یورپی یونین، کی اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر خصوصی زور دیا۔

وزیراعظم نے جنوبی ایشیا کی علاقائی صورتحال اور افغانستان سے متعلق پاکستان کے موقف سے بھی یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کو آگاہ کیا۔انہوں نے یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا اور یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لاین کے لیے اپنی نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور دونوں رہنمائوں کو جلد پاکستان کے دورے کی اپنی پرخلوص دعوت کا اعادہ کیا۔ یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کاجا کالاس نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ سٹریٹجک روابط کو مزید گہرا کرنے میں یورپی یونین کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

C