وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا یوم اقبال کے موقع پر پیغام میں اظہار

اسلام آباد ۔ 9نومبر(اے پی پی)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے درس خودی کے اجتماعی طور پر احیاءکی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ خودی کی حفاظت سیاسی استحکام اور معاشی خود کفالت کے بغیر نہیں ہو سکتی، علامہ اقبال کی فکر سے اظہار یکجہتی کا تقاضا ہے کہ سب پاکستانی ایک مستحکم اور خود مختار پاکستان کےلئے یک زبان ہوں اور فساد …

اسلام آباد ۔ 9نومبر(اے پی پی)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے درس خودی کے اجتماعی طور پر احیاءکی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ خودی کی حفاظت سیاسی استحکام اور معاشی خود کفالت کے بغیر نہیں ہو سکتی، علامہ اقبال کی فکر سے اظہار یکجہتی کا تقاضا ہے کہ سب پاکستانی ایک مستحکم اور خود مختار پاکستان کےلئے یک زبان ہوں اور فساد و انتشار کی قوتوں کے خلاف متحد ہوں۔ انہوں نے یہ بات یوم اقبال کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی جو (آج) جمعرات کو منایا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ علامہ محمد اقبال ہماری فکری روایت کا سب سے روشن حوالہ ہیں۔ انہوں نے مسلمانانِ ہند کو ایک ایسے دور میں منزل کا سراغ دیا جب ان کے تہذیبی وجود کو کئی خطرات لاحق تھے، علامہ اقبال کے افکار نے مایوسی اور ناامیدی کے ماحول میں امید کا وہ چراغ روشن کیا جس نے نہ صرف منزل بلکہ راستے کی بھی نشاندہی کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ شاعرِ مشرق نے نہ صرف ایک آزاد اور خود مختار ریاست کا تصور پیش کیا بلکہ اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ ایک جدید اسلامی مملکت کو کیا کیا چیلنج درپیش ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے مسلم ریاستوں کویہ راہ دکھائی کہ دورِ جدید کے تقاضوں پر پورا اترنے کےلئے انہیں جمہوری اصولوں کی بنیاد پر اپنی سیاسی تشکیل نو کرنی چاہئے اور جمہوری اقدار سے ہم آہنگ رہتے ہوئے شہریوں کو سیاسی اور سماجی عمل کا حصہ بنا نا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ایک ایسے جمہوری پاکستان کےلئے کوشاں ہے جس میں عوام کی بصیرت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اور ان کی رائے کا احترام کرتے ہوئے ان کے مسائل کا حل تلاش کیا جائے۔

Leave a Reply