اسلام آباد ۔ 21 اگست (اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت اور پالیسیوں کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ان کی پالیسیوں اور منصوبوں پر عملدرآمد کےلئے بھرپور انداز میں کوششیں جاری رکھی جائیں گی جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) آئین کی بالادستی کےلئے دیوارِ چین کا کردار ادا کرے …
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 21 اگست (اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت اور پالیسیوں کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ان کی پالیسیوں اور منصوبوں پر عملدرآمد کےلئے بھرپور انداز میں کوششیں جاری رکھی جائیں گی جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) آئین کی بالادستی کےلئے دیوارِ چین کا کردار ادا کرے گی اور آئندہ انتخابات میں اپنی کارکردگی اور عوامی خدامت کی بناءپر ملک کے چاروں صوبوں میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ یہ بات پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں منظور ہونے والی قرارداد میں کہی گئی جو پیر کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وزیراعظم آفس میں منعقد ہوا۔ اراکین پارلیمانی پارٹی نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت اور پالیسیوں کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی پالیسیوں اور منصوبوں پر عملدرآمد کےلئے بھرپور انداز میں کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے اور اس کی پالیسیوں نے پاکستان کو اقتصادی و معاشی تباہی، بدترین لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی کے دہانے سے نکال کر ترقی و خوشحالی اور امن و استحکام کی شاہراہ پر گامزن کیا ہے، ملکی تاریخ میں توانائی کے شعبہ میں سب سے بڑی سرمایہ کاری ممکن بنا کر روشن پاکستان کی بنیاد رکھی ہے، سی پیک کے ذریعے پاکستان کے تابناک مستقبل کی ضمانت فراہم کی ہے۔ قرارداد کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک کے خوشحال مستقبل، امن اور عوام کی حکمرانی کے سفر کو ہر قیمت پر جاری رکھے گی، سی پیک کے منصوبوں پر عملدرآمد بھرپور توانائیوں سے جاری رکھا جائے گا اور ان کی بر وقت تکمیل یقینی بنائی جائے گی۔








