وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس

اسلام آباد ۔ 15 نومبر (اے پی پی) قومی سلامتی کمیٹی نے متفقہ طور پر قرار دیا ہے کہ دوطرفہ یقین دہانیوں پر کاربند رہتے ہوئے مسلم امہ کے بہترین مفاد میں فعال کردار ادا کرنا پاکستان کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بدھ کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں وزیر داخلہ احسن اقبال، وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف، چیئرمین …

اسلام آباد ۔ 15 نومبر (اے پی پی) قومی سلامتی کمیٹی نے متفقہ طور پر قرار دیا ہے کہ دوطرفہ یقین دہانیوں پر کاربند رہتے ہوئے مسلم امہ کے بہترین مفاد میں فعال کردار ادا کرنا پاکستان کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بدھ کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں وزیر داخلہ احسن اقبال، وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی، چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل سہیل امان اور سینئر سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم کے میڈیا آفس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سیکرٹری خارجہ نے علاقائی سلامتی بالخصوص مشرق وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔ قومی سلامتی کمیٹی نے باجوڑ ایجنسی میں پاک فوج کی پوسٹ اور کوئٹہ میں پولیس اہلکاروں پر حالیہ حملوں کی مذمت کی اور دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے مذموم کارروائیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ قومی سلامتی کمیٹی نے بلوچستان میں سیکورٹی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور مسلح افواج و قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انتھک کوششوں کے نتیجہ میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری کو سراہا۔

Leave a Reply