وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت قومی سلامتی کا 18 واں اجلاس

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت قومی سلامتی کا 18 واں اجلاس ،خطہ میں سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا،کابل میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملہ کی مذمت اسلام آباد ۔ 2 فروری (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت قومی سلامتی کا 18 واں اجلاس جمعہ کو منعقد ہوا۔ اجلاس مں وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف، وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال، چیئرمین جوائنٹ …

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت قومی سلامتی کا 18 واں اجلاس ،خطہ میں سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا،کابل میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملہ کی مذمت

اسلام آباد ۔ 2 فروری (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت قومی سلامتی کا 18 واں اجلاس جمعہ کو منعقد ہوا۔ اجلاس مں وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف، وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی، مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ، اعلیٰ سول و فوجی حکام نے شرکت کی۔ قومی سلامتی کمیٹی نے خطہ میں سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور کابل میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملہ کی مذمت کی۔ کمیٹی نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام افغان بھائیوں کے دکھ اور غم میں برابر کی شریک ہیں اور ان سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ کمیٹی نے واضح کیا کہ پاکستانی عوام افغانستان کے عوام کے غم و غصہ کو اچھی طرح سمجھتے ہیں کیونکہ وہ خود دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ کمیٹی نے مزید کہا کہ افغان حکومت کا ردعمل بعض غیر ملکی عناصر کی جانب سے پھیلائی گئی غلط فہمی پر مبنی تھا۔ کمیٹی نے تمام مسائل کے باوجود افغانستان کے ساتھ مثبت بات چیت کے عزم کا اعادہ کیا جس میں یکجہتی کیلئے افغانستان۔پاکستان ایکشن پلان کی پاکستان کی تجویز پر غور کیلئے پاکستانی وفد کا 3 فروری کا دورہ بھی شامل ہے۔ کمیٹی نے افغانستان کے ساتھ بارڈر کنٹرول سے متعلق پیشرفت پر اطمینان ظاہر کیا اور کہا کہ افغان حکومت کو پاکستان کی جانب سے افغان سرحد پر باڑ لگانے میں تعاون کرنا چاہئے کیونکہ یہ دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔