وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی نیشنل انرجی ایڈمنسٹریشن آف چائنہ کے ایڈمنسٹریٹر نوئر بیکلے سے ملاقات میں گفتگو

باﺅ ۔ 10 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے صارفین کو صاف، سستی اور پائیدار بنیادوں پر توانائی کی فراہمی کے حکومتی عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیل و گیس کے شعبہ کو ترجیح حاصل ہے جسے پاک۔چین اقتصادی راہداری کیلئے طویل مدتی منصوبہ میں نمایاں حیثیت حاصل ہے، چینی سرمایہ کار اور کمپنیاں پرکشش منافع اور مراعات کے حامل بجلی کے شعبہ میں …

باﺅ ۔ 10 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے صارفین کو صاف، سستی اور پائیدار بنیادوں پر توانائی کی فراہمی کے حکومتی عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیل و گیس کے شعبہ کو ترجیح حاصل ہے جسے پاک۔چین اقتصادی راہداری کیلئے طویل مدتی منصوبہ میں نمایاں حیثیت حاصل ہے، چینی سرمایہ کار اور کمپنیاں پرکشش منافع اور مراعات کے حامل بجلی کے شعبہ میں ترقی کے عمل میں شریک ہوں۔ انہوں نے یہ بات نیشنل انرجی ایڈمنسٹریشن (این ای اے) آف چائنہ کے ایڈمنسٹریٹر نوئر بیکلے سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے باﺅ فورم کے موقع پر منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے پاکستان میں توانائی کی قلت پر قابو پانے میں سی پیک توانائی منصوبوں کے کردار کو سراہتے ہوئے اس ضمن میں چین کی حکومت اور این ای اے کا معاونت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے مستعد اور قابل برداشت بجلی فراہم کر رہے ہیں اور دونوں اطراف پاکستان کے شمال میں پن بجلی اور جنوب میں ضلع تھر میں مقامی کوئلہ پر مبنی دیگر منصوبوں پر کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کراچی اور تھر میں آئندہ پیداواری منصوبوں کے ساتھ شمال جنوب ٹرانسمیشن لائن کی جلد تکمیل اور ہم آہنگی کی ضرورت کا بھی عندیہ دیا۔