وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی چین کے صدر ژی جن پنگ سے ملاقات

سان یا۔ 10 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے منگل کو عوامی جمہوریہ چین کے صدر ژی جن پنگ سے ملاقات کی، جس میں چین کے سٹیٹ قونصلر اور وزیر خارجہ وانگ ژی سمیت پولٹ بیورو کے سینئر ارکان بھی موجود تھے جبکہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی معاونت وزیر خارجہ، وزیر داخلہ اور سینئر حکام نے کی۔ وزیراعظم نے صدر ژی کو عوامی جمہوریہ چین کا …

سان یا۔ 10 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے منگل کو عوامی جمہوریہ چین کے صدر ژی جن پنگ سے ملاقات کی، جس میں چین کے سٹیٹ قونصلر اور وزیر خارجہ وانگ ژی سمیت پولٹ بیورو کے سینئر ارکان بھی موجود تھے جبکہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی معاونت وزیر خارجہ، وزیر داخلہ اور سینئر حکام نے کی۔ وزیراعظم نے صدر ژی کو عوامی جمہوریہ چین کا دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ دونوں اطراف نے دوطرفہ تعاون بڑھانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ چین اور پاکستان آئرن برادرز ہیں، دونوں ملک آزمائش کی گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور ہر گزرتے سال کے دوران ان کے تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔ وزیراعظم نے ترقی کیلئے ایشیاءکو مزید اوپن بنانے کے صدر ژی کے عزم کو سراہا۔ انہوں نے صدر ژی کے بیلٹ اور روڈ منصوبے کے وژن کی بھی تعریف کی۔ دونوں رہنماﺅں نے باہمی دلچسپی کے امور اور خطے میں ترقی کے حوالے سے بہت سے معاملات پر بات چیت کی۔ وزیراعظم نے صدر ژی کو سی پیک پر کامیابی سے عملدرآمد کیلئے پاکستان کی کوششوں کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے سی پیک منصوبوں پر کام کی رفتار اور خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔ صدر ژی نے کہا کہ صنعتی پارک پاکستان کی صنعت کیلئے ترقی کا ایک نیا راستہ ہونگے اور پاکستان کی صنعتوں کو اس سے پھلنے پھولنے کے مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے سی پیک کیلئے چین کے متواتر تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔