وزیراعظم شہباز شریف آج سے شیخ تمیم بن حمد الثانی کی دعوت پر قطر کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے،دفتر خارجہ

اسلام آباد۔23فروری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف (آج)23 فروری سے قطر کے امیرشیخ تمیم بن حمد الثانی کی دعوت پر قطر کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ پیر کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کے ہمراہ نائب وزیرِاعظم ووزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار دیگر وفاقی وزرا اور اعلیٰ حکام بھی ہوں گے۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات …

اسلام آباد۔23فروری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف (آج)23 فروری سے قطر کے امیرشیخ تمیم بن حمد الثانی کی دعوت پر قطر کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ پیر کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کے ہمراہ نائب وزیرِاعظم ووزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار دیگر وفاقی وزرا اور اعلیٰ حکام بھی ہوں گے۔

یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کو اجاگر کرتا ہے۔دوحہ میں قیام کے دوران وزیرِاعظم شیخ تمیم بن حمد الثانی سے دوطرفہ ملاقات کریں گےجس میں سیاسی روابط، اقتصادی تعاون، توانائی شراکت داری اور عوامی سطح پر روابط سمیت دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

فریقین تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور افرادی قوت کی برآمد کے شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع بھی تلاش کریں گے۔دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اور علاقائی و بین الاقوامی فورمز پر قریبی رابطہ کاری پر مبنی دیرینہ شراکت داری موجود ہے۔ یہ دورہ دونوں قیادتوں کو باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کا موقع فراہم کرے گا اور خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کی تجدید کرے گا۔