شہباز شریف کافیٹف شرائط مکمل ہونے پر تمام متعلقہ عہدیداروں کو فرداً فرداً ٹیلی فون، پاکستان کی کامیابی پر مبارک باد

اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے فیٹف کی شرائط مکمل ہونے پر پاکستان کی کامیابی پر تمام متعلقہ عہدیداروں کو فرداً فرداً ٹیلی فون کرکے مبارک دی ہے۔ہفتہ کو وزیرعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نےوزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو ٹیلی فون کیا اور فیٹف کی گرے لسٹ سے پاکستان کانام نکلنے کے عمل پر کوششوں کو سراہا ۔

وزیراعظم شہباز شریف نےبری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو بھی ٹیلی فون کرکے فیٹف کی گرے لسٹ سے متعلق شرائط مکمل ہونے کے اعلان پر مبارک دی ۔وزیراعظم نے جنرل ہیڈکوارٹرز میں ‘کور سیل’ کے قیام کے آرمی چیف کے فیصلے کو سراہا،’وزیراعظم نےآرمی چیف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کور سیل’ میں شامل سول اور ملٹری قیادت اور ٹیم کو شاباش دیتا ہوں،پاکستان کی جیت کے لئے کام کرنے والے ٹیم کے ہر فرد پر قوم کو فخر ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور وزیر مملکت خارجہ حنا ربانی کھر کو بھی ٹیلیفون کیا۔وزیر اعظم نے وزیر خزانہ، وزیر مملکت خارجہ اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا اور شاباش دی۔