وزیراعظم شہباز شریف کا وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی سے رابطہ، بنوں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کے حملے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس
وزیراعظم شہباز شریف کا وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی سے رابطہ، بنوں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کے حملے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس

مزید خبریں
لاہور ۔10مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی سے رابطہ کرکے بنوں میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کے حملے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف صوبائی حکومت کو ہرممکن معاونت فراہم کریں گے۔
اتوار کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے گزشتہ روز بنوں میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی۔ وزیراعظم نے دہشت گردی کے واقعے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے افسوس اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے واقعے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے درجات کی بلندی کی دعا کی اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ وزیراعظم نے واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔
انہوں نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے وفاق کی طرف سے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف صوبائی حکومت کو ہرممکن معاونت فراہم کریں گے۔ دونوں رہنمائوں نے دہشت گردی کے خلاف نبردآزما پاک افواج، سکیورٹی فورسز اور پولیس کو خراج تحسین پیش کیا اور ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا ۔








