وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی اور دیرینہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے باہمی تعاون کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی اہمیت پر زور دیا ہے ۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ایس سی او سربراہان مملکت کے اجلاس کے موقع پر ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات، پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی اور دیرینہ تعلقات کا اعادہ

مزید خبریں
بشکیک ۔31اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی اور دیرینہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے باہمی تعاون کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی اہمیت پر زور دیا ہے ۔
پیر کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمہوریہ کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کے اجلاس کے موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی۔پرتپاک اور دوستانہ ماحول میں ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی اور دیرینہ تعلقات کا اعادہ کیا اور باہمی تعاون کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی اہمیت کا ذکر کیا۔
دونوں رہنمائوں نے اس حوالے سے رواں سال جون میں صدر پزشکیان کے دورہ پاکستان کے دوران کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ دونوں رہنمائوں نے علاقائی روابط کے فروغ اور عوامی سطح پر روابط مزید بڑھانے کے لیے جاری کوششوں کا بھی جائزہ لیا۔ملاقات کے دوران علاقائی صورتحال میں ہونے والی تازہ پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا حالیہ دورہ تہران اور ان کے تعمیری روابط سے اچھے نتائج کی امید ہے۔
وزیراعظم نے خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے حصول کے لیے تحمل، ضبط و برداشت اور مسلسل سفارتی رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت طے پانے والی مفاہمت کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے یہ واحد قابل عمل راستہ ہے۔صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے علاقائی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں کو سراہا۔ایرانی صدر نے پاکستان اور ایران کے تعلقات کی پائیدار مضبوطی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات صدیوں پر محیط مشترکہ تاریخ، ثقافت اور مذہب کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے تہران کی بھرپور خواہش کا اعادہ کیا۔
صدر پزشکیان نے عصرِ حاضر کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے امت مسلمہ کے درمیان اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینے کی ضرورت اہمیت کا ذکر کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو ان کی سہولت کے مطابق جلد از جلد پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی۔ایرانی صدر نے بھی وزیراعظم محمد شہباز شریف کو دسمبر 2026ء میں تہران میں منعقد ہونے والے آئندہ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی۔ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، معاون خصوصی وزیراعظم سید طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ، ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔







