وزیراعظم شہباز شریف کی فیول سبسڈی ریلیف حاصل کرنے کے لئے رجسٹریشن کے لئے درکار ایس ایم ایس کو مفت کرنے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف کی فیول سبسڈی ریلیف حاصل کرنے کے لئے رجسٹریشن کے لئے درکار ایس ایم ایس کو مفت کرنے کی ہدایت

اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فیول سبسڈی ریلیف حاصل کرنے کے لئے رجسٹریشن کے لئے درکار ایس ایم ایس کو مفت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو رجسٹریشن اور دیگر ضروری مراحل میں ہر ممکن رہنمائی فراہم کی جائے۔پیر کو وزیر اعظم کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت خلیج کی صورتحال کے پیش نظر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے کم آمدنی اور متوسط طبقے کو ریلیف کی فراہمی کے لئے پی ایم سپیشل ریلیف سکیم کی پیش رفت پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا ۔سکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی فراہم کی جائے گی۔ وزیراعظم نے سبسڈی ریلیف حاصل کرنے کے لئے رجسٹریشن کے لئے درکار ایس ایم ایس کو مفت کرنے کی ہدایت کی۔

اسلام آباد کے رہائشیوں کے لئے فیول سبسڈی سکیم 14 اور 15 ستمبر کی درمیانی شب شروع کر دی جائے گی جبکہ ملک بھر بشمول آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں 16 اور 17 ستمبر کی درمیانی شب سے پٹرول پر ریلیف حاصل کیا جا سکے گا۔وزیراعظم نےچیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد سمیت انتظامیہ کو عوام کی رہنمائی کے لئے فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ عوام کو رجسٹریشن اور دیگر ضروری مراحل میں ہر ممکن رہنمائی فراہم کی جائے۔ وزیراعظم نےملک بھر میں عوامی نمائندوں اور رضاکاروں کو عوام کی رہنمائی کے لئے متحرک کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ رضاکار عوام کو فیول سبسڈی سکیم کی رجسٹریشن اور دیگر ضروری مراحل مکمل کرنے میں رہنمائی فراہم کریں۔ وزیراعظم نے فیول سبسڈی سکیم کے حوالے سے بھرپور میڈیا آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ پرنٹ، الیکٹرانک، ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا سمیت تمام پلیٹ فارمز پر آگاہی مہم کو تیز رفتاری سے چلایا جائے، فیول سبسڈی سکیم کے ثمرات زیادہ سے زیادہ مستحق شہریوں تک پہنچانے کے لئے تمام دستیاب ذرائع بروئے کار لائے جائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ سکیم کی کامیابی کے لئے عوام کو بروقت معلومات اور رہنمائی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ اس موقع پر بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اسلام آباد ریجن میں سکیم کے آغاز سے آج سہ پہر تک 6 لاکھ سے زائد ایس ایم ایس موصول ہو چکے ہیں،موصول ایس ایم ایس میں سے 42 ہزار 933 درخواست گزار پی ایم اسپیشل ریلیف سکیم کے لئے کامیابی سے رجسٹر ہو چکے ہیں۔

بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ فیول سبسڈی سکیم کے لئے رجسٹریشن میں صرف چار معلومات درکار ہوں گی، شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا نمبر پلیٹ، رجسٹریشن کا صوبہ اور گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ اس سکیم میں رجسٹریشن کے لئے درکار چار بنیادی معلومات ہیں، فیول سبسڈی سکیم کی مکمل تفصیلات اردو ویب سائٹ www.pmfuelrelief.pk⁠ پر دستیاب ہیں۔اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، شزہ فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی طارق باجوہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔