وزیراعظم شہباز شریف کی لائن لاسز میں نمایاں کمی لانے اور بجلی چوری کے خاتمے کیلئے سخت اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت
وزیراعظم شہباز شریف کی لائن لاسز میں نمایاں کمی لانے اور بجلی چوری کے خاتمے کیلئے سخت اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت
لاہور۔2مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نےبجلی کی ترسیل کے نظام میں بہتری کے ذریعے لائن لاسز میں نمایاں کمی لانے اور بجلی چوری کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے توانائی کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے پر زور دیا ہے۔ہفتہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے اجلاس ہوا ۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب،وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر پاور سردار اویس احمد خان لغاری،وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو گھریلو صارفین اور صنعت کے لیے بجلی کی کھپت کے حوالے سے سفارشات پیش کی گئیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ بجلی کے صنعتی اور گھریلو صارفین کے لیے سہولیات پیدا کرنے کے لیے اقدامات لیے جائیں، بجلی کی ترسیل کے نظام میں بہتری لا کر لائن لاسز میں نمایاں کمی لائی جائے، ملک میں توانائی کی کمی پورا کرنے کے لئے قابلِ تجدید توانائی کے منصوبوں کو فروغ دیا جائے، بجلی کے نرخوں میں استحکام لانے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے۔
وزیر اعظم نے صارفین کو بلوں کی ادائیگی میں آسانی کے لیے ڈیجیٹل سہولیات کے فروغ پر زور دیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ بجلی چوری کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات جاری رکھے جائیں ،صنعتی ترقی کے فروغ کے لیے توانائی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ گھریلو صارفین کے لیے سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، توانائی کے شعبے میں اصلاحات عوام اور صنعت کے وسیع تر مفاد کو ملحوظ خاطر رکھے بغیر نہیں کی جائیں گی۔









