اسلام آباد ۔ 2 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے اپنے استاد میجر جیفری ڈوگلس لینگ لینڈزکے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے جن سے انہوں نے ایچی سن کالج لاہور میں تعلیم حاصل کی، جیفری ڈوگلس بدھ کی صبح مختصر علالت کے بعد چل بسے۔ اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ استاد محترم کی رحلت پر دل نہایت افسردہ اور غمگین ہے، استاد …
وزیراعظم عمران خان کا میجر جیفری ڈوگلس لینگ لینڈزکے انتقال پر اظہار تعزیت

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 2 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے اپنے استاد میجر جیفری ڈوگلس لینگ لینڈزکے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے جن سے انہوں نے ایچی سن کالج لاہور میں تعلیم حاصل کی، جیفری ڈوگلس بدھ کی صبح مختصر علالت کے بعد چل بسے۔ اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ استاد محترم کی رحلت پر دل نہایت افسردہ اور غمگین ہے، استاد ہونے کے ساتھ انہوں نے شاہراہ قراقرم کی تعمیر سے قبل مجھ میں کوہ پیمائی (ٹریکنگ) کا ذوق جگایا اور مجھے شمالی علاقوں کا گرویدہ بنایا۔ وزیراعظم نے اپنے ٹویٹ کے ساتھ دو تصاویر بھی شیئر کیں جن میں ایک تصویر ان کے زمانہ طالب علمی کی تھی جس میں وہ 12 سال کی عمر میں اپنے مذکورہ استاد کے ساتھ دیگر طالب علموں کے گروپ میں موجود ہیں جبکہ دوسری تصویر جیفری ڈوگلس کی تھی جس کے ساتھ ان کی زندگی اور پاکستان میں خدمات کا مختصر ذکر کیا گیا۔ جیفری ڈوگلس 21 اکتوبر 1917ءکو پیدا ہوئے اور انہیں سب پیار سے ”دی میجر“ کے نام سے پکارتے تھے۔ وہ ایک سپاہی، استاد، کوہ پیما اور انسانی ہمدردی رکھنے والے انسان تھے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی دوسروں کیلئے وقف کئے رکھی اور انہوں نے بالخصوص اس ضمن میں پاکستان کا انتخاب کیا۔ وہ وزیراعظم عمران خان سمیت کئی نابغہءروزگار شخصیات کے استاد رہے۔








