اٹک سے تعلق رکھنے والے محمد نذیر کو سپلائی چین کے تحفظ میں نمایاں خدمات پر سنگا پور میں بین الاقوامی اعزاز سے نوازا گیا تفصیلات کے مطابق ملائیشیا میں مقیم پاکستانی شہری محمد نذیر کو سپلائی چین کے تحفظ، خطرات سے نمٹنے، حفاظتی انتظامات اور کاروباری تسلسل کے شعبے میں 18 سال سے زائد پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں ایشیا پیسیفک کے معروف ادارے ٹیپا ایپک کی جانب …
پاکستانی محمد نذیر کو سپلائی چین کے تحفظ میں نمایاں خدمات پر سنگا پور میں بین الاقوامی اعزاز سے نوازا گیا

مزید خبریں
سنگا پور ۔16ستمبر (اے پی پی):اٹک سے تعلق رکھنے والے محمد نذیر کو سپلائی چین کے تحفظ میں نمایاں خدمات پر سنگا پور میں بین الاقوامی اعزاز سے نوازا گیا تفصیلات کے مطابق ملائیشیا میں مقیم پاکستانی شہری محمد نذیر کو سپلائی چین کے تحفظ، خطرات سے نمٹنے، حفاظتی انتظامات اور کاروباری تسلسل کے شعبے میں 18 سال سے زائد پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں ایشیا پیسیفک کے معروف ادارے ٹیپا ایپک کی جانب سے سپلائی چین مضبوطی ستارہ ایوارڈ سے نوازا گیا۔یہ اعزاز سنگاپور میں منعقد ہونے والی سپلائی چین کے تحفظ، مضبوطی اور پائیداری سے متعلق کانفرنس اور اعزازی تقریب کے دوران دیاگیا ۔
تقریب میں ایشیا پیسیفک خطے کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے ماہرین اور صنعتی شعبے کے نمائندگان نے شرکت کی۔ محمد نذیر کو خصوصی طور پر سنگاپور مدعو کیا گیا جہاں انہیں سپلائی چین کے نظام کو محفوظ بنانے، خطرات کی نشاندہی اور ان کے مؤثر انتظام، حفاظتی اقدامات اور عالمی معیار کے تقاضوں کے مطابق انتظامی نظام بہتر بنانے میں ان کی خدمات کے اعتراف میں یہ اعزاز دیا گیا۔ محمد نذیر کو سکیورٹی انتظامات، خطرات کے جائزے، حفاظتی منصوبہ بندی، واقعات سے نمٹنے، ملازمین کی تربیت اور سپلائی چین کے تحفظ کے شعبوں میں 18 سال سے زائد تجربہ حاصل ہے۔
انہوں نے متحدہ عرب امارات اور ملائیشیا میں مختلف بین الاقوامی اور صنعتی اداروں کے ساتھ خدمات انجام دیں اور عالمی معیار کے مطابق حفاظتی اور انتظامی نظام کے نفاذ میں کردار ادا کیا۔ پاک میڈیا فورم ملائشیاء کے چیئرمین نثار علی خان سے گفتگو کرتے ہوئے محمد نذیر نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر ملنے والا یہ اعزاز میرے لیے انتہائی خوشی اور فخر کا باعث ہے۔
میں یہ اعزازوطنِ عزیز پاکستان اور اپنی مٹی اٹک ، گوندل کے نام کرتا ہوں۔ میری ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ اپنی محنت، قابلیت اور پیشہ ورانہ خدمات کے ذریعے اپنے علاقے اور اپنے ملک کا نام روشن کروں۔ محمد نذیر نے کہا کہ یہ اعزاز ان کے پیشہ ورانہ سفر کا ایک اہم سنگِ میل ہے اور وہ مستقبل میں بھی اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے سپلائی چین کے تحفظ، مضبوطی اور پائیداری کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔








