ایف جی ای ایچ اے کی جی-13 اور جی-14 کے کمرشل پلاٹس کی کامیاب نیلامی، 16 پلاٹس 10.3 ارب روپے میں فروخت

فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) کے زیر اہتمام اسلام آباد کے سیکٹرز جی-13 اور جی-14 کے کمرشل پلاٹس کی دو روزہ نیلامی کامیابی سے اختتام پذیر ہوگئی جس کے دوران مجموعی طور پر 16 کمرشل پلاٹس 10.3 ارب روپے میں فروخت ہوئے۔نیلامی میں سرمایہ کاروں نے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا اور مختلف کمرشل پلاٹس کے حصول کے لئے مسابقتی بولیاں پیش کیں۔ ترجمان کے …

اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) کے زیر اہتمام اسلام آباد کے سیکٹرز جی-13 اور جی-14 کے کمرشل پلاٹس کی دو روزہ نیلامی کامیابی سے اختتام پذیر ہوگئی جس کے دوران مجموعی طور پر 16 کمرشل پلاٹس 10.3 ارب روپے میں فروخت ہوئے۔نیلامی میں سرمایہ کاروں نے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا اور مختلف کمرشل پلاٹس کے حصول کے لئے مسابقتی بولیاں پیش کیں۔ ترجمان کے مطابق نیلام کئے گئے پلاٹس میں جی-14 مرکز سمیت جی-13 اور جی-14 کے اہم کمرشل مقامات شامل تھے۔نیلامی میں سب سے زیادہ مالیت کا پلاٹ جی-14 مرکز کا دو ہزار گز پر مشتمل کمرشل پلاٹ نمبر 8 رہا جو ایک ارب 95 کروڑ روپے میں فروخت ہوا۔

مذکورہ پلاٹ کے حصول کے لئے سرمایہ کاروں کی جانب سے خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل ایف جی ای ایچ اے کیپٹن (ر) ظفر اقبال نے کامیاب نیلامی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی سرمایہ کاروں کے ایف جی ای ایچ اے پر اعتماد اور اسلام آباد میں کمرشل سرمایہ کاری کے وسیع امکانات کی عکاسی کرتی ہے۔انہوں نے نیلامی کے کامیاب انعقاد پر اتھارٹی کے تمام افسران، متعلقہ ونگز، انتظامی ٹیم اور عملے کو مبارکباد دی اور نیلامی کے انتظامات اور شفاف انعقاد کےلئے ان کی محنت و کاوشوں کو سراہا۔ڈائریکٹر جنرل نے نیلامی میں شرکت کرنے والے سرمایہ کاروں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بھرپور شرکت اور اعتماد نے نیلامی کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اتھارٹی سرمایہ کاروں کو مزید مواقع فراہم کرنے کے لئے جلد مزید کمرشل پراپرٹیز کی نیلامی کا انعقاد کرے گی جس سے سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو شفاف، منظم اور سہل ماحول فراہم کرنے کے لئے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ اسلام آباد میں کمرشل سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ایف جی ای ایچ اے میں سرمایہ کاروں کی سہولت اور ان کے مسائل کے فوری ازالے کے لئے انویسٹر فیسلیٹیشن سیل بھی قائم کیا گیا ہے جس کی نگرانی ڈائریکٹر سٹاف کے سپرد کی گئی ہے۔سیل کے ذریعے سرمایہ کاروں کو مرکزی اور براہِ راست رابطے کا مؤثر نظام فراہم کیا گیا ہے۔ سرمایہ کاروں کو اپنے مسائل، رہنمائی یا دیگر معاملات کے لئے مختلف شعبوں کے دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ وہ براہِ راست ڈائریکٹر اسٹاف سے رابطہ کر سکیں گے۔

ڈائریکٹر سٹاف سرمایہ کاروں کی درخواستوں اور مسائل کو متعلقہ ونگ تک پہنچانے کے ساتھ ان پر ہونے والی پیشرفت کی نگرانی کریں گے اور متعلقہ ونگز سے ضروری کارروائی مکمل کرا کے سرمایہ کاروں کو بروقت سہولت فراہم کریں گے۔اتھارٹی کے مطابق انویسٹر فیسلیٹیشن سیل کا بنیادی مقصد سرمایہ کاروں کو ایک ہی جگہ پر مؤثر، شفاف، تیز رفتار اور سہل خدمات فراہم کرنا اور سرمایہ کاری کے عمل کو مزید آسان اور قابلِ اعتماد بنانا ہے۔

مزید خبریں