پنجاب کی ثقافتی روایات ہماری پہچان،فنکاروں اور ادیبوں کو سازگار ماحول فراہم کرنا ضروری ہے،میڈم شازیہ رضوان

پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و ثقافت پنجاب میڈم شازیہ رضوان نے پنجاب کونسل آف دی آرٹس کا دورہ کیا، جہاں انہیں کونسل کی کارکردگی، جاری سرگرمیوں، آئندہ کے منصوبوں اور بجٹ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس محمد عرفان نے پارلیمانی سیکرٹری کو ادارے کے انتظامی و مالی امور، ثقافتی سرگرمیوں اور فنونِ لطیفہ کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے حوالے …

گوجرانوالہ ۔ 16 ستمبر (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و ثقافت پنجاب میڈم شازیہ رضوان نے پنجاب کونسل آف دی آرٹس کا دورہ کیا، جہاں انہیں کونسل کی کارکردگی، جاری سرگرمیوں، آئندہ کے منصوبوں اور بجٹ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس محمد عرفان نے پارلیمانی سیکرٹری کو ادارے کے انتظامی و مالی امور، ثقافتی سرگرمیوں اور فنونِ لطیفہ کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا۔اس موقع پر میڈم شازیہ رضوان نے پنجاب کونسل آف دی آرٹس کے مختلف شعبہ جات کا بھی جائزہ لیا اور ادارے کی جانب سے فنکاروں، ادیبوں، شاعروں اور ثقافتی حلقوں کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے ثقافتی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے، مقامی فنکاروں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنے اور نوجوان نسل کو فنونِ لطیفہ سے روشناس کرانے کی اہمیت پر زور دیا۔دورے کے دوران پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و ثقافت نے تنظیم بقائے ثقافت کے نمائندگان اور مختلف شعراء سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ، شعر و ادب کی سرپرستی، مقامی فنکاروں اور شعراء کو درپیش مسائل اور ثقافتی ورثے کے تحفظ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میڈم شازیہ رضوان نے کہا کہ ادب اور ثقافت معاشرے کی فکری و تہذیبی شناخت کو اجاگر کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے ادیبوں، شاعروں اور فنکاروں کی حوصلہ افزائی اور انہیں سازگار ماحول کی فراہمی ضروری ہے۔انہوں نے پنجاب کونسل آف دی آرٹس کی ثقافتی و ادبی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ فنونِ لطیفہ کے فروغ کے لیے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ پروگرامز ترتیب دیے جائیں اور مختلف ثقافتی و ادبی تنظیموں کے ساتھ رابطہ مزید مضبوط بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی شاندار ثقافتی روایات اور ادبی ورثہ ہماری پہچان ہیں، جن کے تحفظ اور فروغ کے لیے مؤثر اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و ثقافت میڈم شازیہ رضوان نے پنجاب کونسل آف دی آرٹس کے دورے کے اختتام پر ادارے کے مختلف حصوں کا معائنہ بھی کیا اور ثقافتی سرگرمیوں کے حوالے سے مزید بہتری کے لیے تجاویز اور اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر محمد اعجاز، محمد ادریس ناز، محمد اسرائیل ایڈووکیٹ، مس عرفانہ امر، پروفیسر راحت ثمر سمیت چوہدری اشرف مجید بھی موجود تھے۔

مزید خبریں