اسلام آباد ۔ 5فروری (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یوم یکجہتی کشمیر، کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کے حصول کیلئے غیر متزلزل عزم کی تجدید کا دن ہے جو ہر گزرنے والے دن کے ساتھ تقویت پا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بات یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی جو (آج) منگل 5 فروری کو منایا جا رہا …
وزیراعظم عمران خان کا یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 5فروری (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یوم یکجہتی کشمیر، کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کے حصول کیلئے غیر متزلزل عزم کی تجدید کا دن ہے جو ہر گزرنے والے دن کے ساتھ تقویت پا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بات یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی جو (آج) منگل 5 فروری کو منایا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سات دہائیاں گزر نے کے باوجود جموں و کشمیر کا تنازعہ حل نہیں ہو سکا، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بے گناہوں کے قتل عام، بچوں پر پیلٹ فائرنگ، آبروریزی و تشّدد سمیت بھارتی مظالم جاری و ساری ہیں اور کشمیر ی اپنی ہمت، جرات، بہادری سے حق خود ارادیت کے حصول کےلئے مسلسل کوشاں ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ کشمیریوں کی جانب سے 70 سے زائد سالوں پر محیط بھارتی مظالم اور ناجائز تسلط کے خاتمہ کا شدت سے مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1947ءکے بعد سے معصوم کشمیریوں پر بھارتی افواج کی جانب سے کئے جانے والے تشّدد، بے حرمتی کے واقعات اور غیر معمولی ظلم و جبر ایک مقدمہ کی صورت اختیار کر چکے ہیں۔ ہزاروں بے گناہ کشمیریوں کو بے رحمانہ تشدد، غیر قانونی حراست کے دوران بھارتی افواج سفاکانہ طریقے سے قتل کر رہی ہیں۔ وزیراعظم نے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق آفس کی مقبوضہ جموں و کشمیر کے بارے میں رپورٹ کا حوالہ دیا جو پاکستان کے بین الاقوامی برادری سے مسلسل کئے گئے مطالبات کی تائید کرتی ہے، جن میں بارہا بھارت کی سفاکانہ جارحیت، اندھا دھند گولا باری، کشمیریوں کے انسانی ڈھال کے طور پر استعمال اور بھارتی مسلح افواج، خصوصی پاور ایکٹ اور پبلک سیفٹی ایکٹ جس کی وجہ سے کشمیریوں کی زندگی جہنم بن گئی ہے، کی طرف توجہ مبذول کرائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال 5 فروری کو منایا جانے والا ”یوم یکجہتی کشمیر“ کشمیریوں کے بھارتی تسلط کے خلاف اور حق خود ارادیت کےلئے عزم کو مزید مضبوط کرتا ہے، یہ ارادہ ہر گزرنے والے دن اور ہر ڈھائے جانے والے بھارتی ظلم کے ساتھ تقویت پکڑتا جا رہا ہے۔








