وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس

اسلام آباد ۔ 4 اگست (اے پی پی)قومی سلامتی کمیٹی نے کشمیریوں کی حق خودارادیت کی آواز کو دبانے کے لئے بھارت کے جارحانہ اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان مقبوضہ جموں وکشمیر کے بہادر عوام کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودرادیت اور انصاف کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں ، جموں …

اسلام آباد ۔ 4 اگست (اے پی پی)قومی سلامتی کمیٹی نے کشمیریوں کی حق خودارادیت کی آواز کو دبانے کے لئے بھارت کے جارحانہ اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان مقبوضہ جموں وکشمیر کے بہادر عوام کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودرادیت اور انصاف کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں ، جموں وکشمیر دیرینہ، غیرتصفیہ شدہ بین الاقوامی تنازعہ ہے جو پرامن حل کا متقاضی ہے، پاکستان بھارت کی کسی بھی مہم جوئی اور جارحیت کے خلاف اپنے دفاع کےلئے پوری طرح سے تیار ہے،قوم کی مکمل حمایت کے ساتھ بھارت کی کسی بھی جارحیت اور مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس اتوار کو یہاں وزیراعظم آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے بعد جاری ہونے والے بیان کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھارت کے ان اقدامات کا جائزہ لیا گیا جس کی وجہ سے مقبوضہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال تیزی سے بگڑ رہی ہے۔ اجلاس میں وزیر دفاع پرویز خٹک، وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور،وزیر داخلہ بریگیڈئر(ر) اعجاز شاہ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی،بری، بحری اور فضائیہ افواج کے سربراہان، وزیراعظم آزاد کشمیر، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی، ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر، سیکرٹری خارجہ، سیکرٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان اور سیکرٹری قومی سلامتی ڈویژن نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاءکو مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے خلاف جبر و استحصال اوران کے قابل افسوس صورتحال، مقبوضہ کشمیر میں زمینی حقائق کے برخلاف سیاسی مقاصد کے لئے دہشتگردی کے استعمال، پاکستان کو اشتعمال دلانے کے لئے نہتے شہریوں کے خلاف کلسٹر بموں کے استعمال، مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو بگاڑنے اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت کے حوالے سے ابہام پیدا کرنے کےلئے بھارت کی جانب سے حقائق کو چھپانے اور ڈس انفارمیشن پر بریفنگ دی گئی۔ قومی سلامتی کی کمیٹی نے بھارت کی جانب سے مشکوک و مشتبہ ذرائع سے عدم استحکام کی کوششوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ کمیٹی نے یہ بات نوٹ کی کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنا اخلاقی جواز کھو چکا ہے۔