اسلام آباد ۔ 11 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے تیل و گیس کی دریافت سے وابستہ مقامی کمپنیوں کو تلاش کے سلسلے میں کوششیں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ پاکستان میں موجود تیل اور گیس کے ذخائر کی دریافت کے لئے معروف غیر ملکی کمپنیوں کو ترغیب دینے کے لئے بیرون ممالک روڈ شوز کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم پیر کو پٹرولیم کے …
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پٹرولیم کے شعبہ سے متعلقہ معاملات کے بارے میں اہم اجلاس

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 11 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے تیل و گیس کی دریافت سے وابستہ مقامی کمپنیوں کو تلاش کے سلسلے میں کوششیں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ پاکستان میں موجود تیل اور گیس کے ذخائر کی دریافت کے لئے معروف غیر ملکی کمپنیوں کو ترغیب دینے کے لئے بیرون ممالک روڈ شوز کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم پیر کو پٹرولیم کے شعبہ سے متعلقہ معاملات کے بارے میں اہم اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں وزیر خزانہ اسد عمر، وزیرِ پٹرولیم غلام سرور خان، معاون خصوصی افتخار درانی، سیکریٹری پٹرولیم اور پٹرولیم ڈویژن کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک میں تیل اور گیس کے ذخائر کی دریافت کے لئے موجودہ قوانین اور انتظامی اصلاحات پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے تیل و گیس کی دریافت سے وابستہ مقامی کمپنیوں کو تلاش کے سلسلے میں کوششیں تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے پٹرولیم ڈویژن کو تیل و گیس کے ذخائر دریافت کرنے والی غیر ملکی کمپنیوں کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وزارت سے منظوریوں کے عمل کو کم سے کم جبکہ غیر ضروری طوالت اور سرخ فیتے کے خاتمے کے لئے تمام عمل کو ڈیجیٹل کرنے کے ساتھ ساتھ ہر ضروری منظوری کے لئے ایک مخصوص میعاد میں تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ اس ضمن میں وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ تیل و گیس کے کنوئوں کی ڈویلپمنٹ کے عمل میں کمپنیوں کو منظوریوں کے عمل کی غیر ضروری بندشوں سے آزاد کر کے وزارت کے کردار کو مانیٹرنگ تک محدود کیا جا رہا ہے۔ پاکستان میں کام کرنے والی تیل و گیس کے شعبے سے وابستہ غیر ملکی کمپنیوں کو مکمل سیکورٹی مہیا کی جائے گی۔ اجلاس میں ملک میں سیکورٹی کی موجودہ بہتر صورتحال کے ساتھ ساتھ تیل و گیس کمپنیوں کو مزیدسیکورٹی فراہم کرنے کے لئے خصوصی فورس تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ پاکستان میں موجود تیل اور گیس کے ذخائر کی دریافت کے لئے معروف غیر ملکی کمپنیوں کو ترغیب دینے کے لئے بیرون ممالک روڈ شوز کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس کے دوران تیل و گیس کی دریافت کے لئے فرنٹیئر زون کے قیام اور کمپنیوں کو گیس کی پرکشش قیمت دینے کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تیل و گیس کی دریافت کے لئے نئے قوانین جلد از جلد مشترکہ مفادات کی کونسل میں پیش کئے جائیں تاکہ ان کو حتمی شکل دی جا سکے۔ اجلاس میں گیس کی چوری اورضیاع کی روک تھام کے لئے سوئی ناردرن اور سوئی سدرن کی جانب سے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ قدرت نے پاکستان کو دیگر ذخائر کے ساتھ ساتھ تیل و گیس کے بھی مناسب ذخائر سے نوازا ہے جس کی دریافت اور انہیں بروئے کار لانے سے ملکی ضروریات بڑی حد تک پوری کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں ملک میں موجود تیل و گیس کی ذخائر کی دریافت پر توجہ دینے کی بجائے مہنگی امپورٹ کو ترجیح دی گئی جس سے نہ صرف صنعتی صارفین متاثر ہوئے بلکہ عام عوام پر مہنگائی کے بوجھ میں اضافہ ہوا۔








