وزیراعظم عمران خان کی شنگھائی میں روس کے وزیراعظم دمتری میدیدوف سے ملاقات

شنگھائی ۔ 5 نومبر (اے پی پی)وزیراعظم عمران خان اور ان کے روسی ہم منصب دمتری میدیدوف نے پاک روس تعلقات کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کثیر الجہتی فورموں بالخصوص شنگھائی تعاون تنظیم میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں رہنماﺅں کے درمیان پیر کو یہاں چائنہ انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو کے موقع پر ملاقات ہوئی۔ خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں …

شنگھائی ۔ 5 نومبر (اے پی پی)وزیراعظم عمران خان اور ان کے روسی ہم منصب دمتری میدیدوف نے پاک روس تعلقات کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کثیر الجہتی فورموں بالخصوص شنگھائی تعاون تنظیم میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں رہنماﺅں کے درمیان پیر کو یہاں چائنہ انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو کے موقع پر ملاقات ہوئی۔ خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں وزرائے اعظم نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے جاری اقتصادی، تجارتی، دفاعی اور توانائی تعاون کا جائزہ لیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ دونوں اطراف کو زیادہ سے زیادہ باہمی مفاد کے لئے معاون مواقع تلاش کرنے چاہئیں۔ حکومت کی ترجیحات پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیراعظم نے روسی فیڈریشن کے ساتھ وسیع تر اقتصادی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے پاکستان میں روسی سرمایہ ہائے کاری کی دعوت دی۔ عمران خان نے پاکستان میں توانائی کے شعبہ میں روس کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم بھی کیا۔ روسی وزیراعظم دمتری میدیدوف نے وزیراعظم کو ان کے انتخاب پر مبارکباد دیتے ہوئے بالخصوص بدلتے ہوئے علاقائی ماحول کے تناظر میں دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں رہنماﺅں نے کثیر الجہتی فورموں بالخصوص شنگھائی تعاون تنظیم میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے جنوبی ایشیاءاور افغانستان کی صورتحال سمیت علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

مزید خبریں