وزیراعظم عمران خان کی پلوامہ مقبوضہ کشمیر میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے معصوم شہریوں کے قتل کی شدید مذمت

اسلام آباد ۔ 16 دسمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے پلوامہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سیکورٹی فورسز کی جانب سے معصوم شہریوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف مذاکرات ہی اس تنازعہ کا حل ہیں، تشدد اور قتل عام اس کا حل نہیں۔ اتوار کو اپنے ٹویٹر پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے مسئلے کو اٹھائیں گے ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ جموں و کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت دلانے کا اپنا وعدہ پورا کرے۔